بیدر۔22؍جنوری (محمدیوسف رحیم بیدری): درج فہرست ذات کے داخلی ریزرویشن کی درجہ بندی کے مطابق کلاس 6 میں مختلف رہائشی اسکولوں(ہاسٹل ) میں داخلے کے لیے ذات اور آمدنی کا سرٹیفکیٹ نہ ملنے کی وجہ سے طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس تناظر میں ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (امبیڈکر) کے ریاستی کوآرڈی نیٹر مہیش گورنالکر نے ریاستی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ کو 15 دن تک بڑھائے۔داخلے کی آخری تاریخ 25 جنوری 2026 ہے، اور بہت سے طلباء درخواست دینے سے قاصر ہیں کیونکہ انہیں شیڈولڈ کاسٹ انٹرنل ریزرویشن کی درجہ بندی کے مطابق ابھی تک نئے سر ٹیفکیٹ نہیں ملے ہیں۔ لہذا، فی الحال انہیں پرانے دستاویزات کی بنیاد پر درخواست دینے کی اجازت دی جائے اور تحصیلداروں کو سر ٹیفکیٹ جلد جاری کرنے کی ہدایت دی جائے، آر پی آئی (امبیڈکر) کے ریاستی کوآرڈینیٹر مہیش گورنالکر نے ایک پریس ریلیز میں یہ مطالبہ کیا ہے۔
