بیدر۔ 23؍جنوری (محمدیوسف رحیم بیدری): اے آئی سی سی کے تحت کام کرنے والی آل انڈیا کسان کانگریس کے نیشنل جوائنٹ کوآرڈی نیٹر جانسن گھوڑے نے ایک پریس نوٹ جاری کرکے اپنے گہرے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ جمعرات کو بنگلورو میں شروع ہونے والے ریاستی مقننہ کے مشترکہ اجلاس میں ریاستی حکومت کی پوری تقریر نہ پڑھ کر گورنر نے غیر آئینی اقدام اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر نے حکومت کی طرف سے دی گئی تقریر کے صرف کچھ حصے پڑھے اور اپنی تقریر ختم کی۔آئین کے آرٹیکل 176 کے مطابق گورنر کو پہلے اجلاس میں مقننہ سے خطاب کرنا ہوتا ہے۔ وہ تقریر منتخب حکومت کا پالیسی بیان ہے۔ لہٰذا پوری تقریر پڑھنے سے انکار آئین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آرٹیکل 163 کے بھی خلاف ہے۔گورنر، جو آئینی عہدے پر ہیں، کسی پارٹی کا نمائندہ نہیں ہوتا۔لیکن تقریر کے منتخب حصہ پڑھ کر گورنر نے ایک نئی روایت شروع کی ہے جو قبول نہیں کی جاسکتی ۔
