حیدرآباد/ میڑچل 29 جنوری(مشرقی آوازجدید): جمعیتہ علماء ضلع میڑچل کا اہم اجلاس ضلع کے تمام  صدور، شعبہ جات کے انچارجز اور منڈلوں کے صدور کی شرکت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ضلع بھر کے منڈلوں میں مختلف شعبوں کو منظم کرنے کی تفصیلی تدبیریں طئے کی گئیں۔ اجلاس کا مرکزی محور نوجوانوں کی تربیت، سماجی اصلاح اور رمضان المبارک کی تیاریاں رہیں۔اجلاس میں یوتھ کلب کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔ شعبہ جات کے ذمہ داران نے عزم کیا کہ اس کلب کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات، اخلاقی تربیت اور سماجی خدمات سے آراستہ کیا جائے گا۔ یہ اقدام ضلع کے نوجوان نسل کو مثبت سمت دینے اور انہیں معاشرتی برائیوں سے بچانے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔اسی طرح، اصلاح معاشرہ شعبے کے ذریعے سماجی خرابیوں جیسے منشیات، بدعنوانی اور خاندانی مسائل کو دور کرنے کی تحریک کو تقویت دینے کی ہدایت کی گئی۔ تمام منڈلوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مقامی سطح پر آگاہی مہمات چلائیں اور لوگوں کو اسلامی احکامات کی روشنی میں سماجی اصلاح کی طرف راغب کریں۔رمضان المبارک کے موقع پر پورے ضلع میں جمعہ کے موقع پر  جمعیۃ علماء کو مالی طور پر مستحکم کرنے کے لیے چندہ مہم کی جامع ترتیب بھی طئے کی گئی۔
اجلاس میں اہم تقرری بھی کی گئی۔ مولانا محمود عالم صاحب، جو ضلع کے نائب صدر ہیں، کو ضلع میں اصلاح معاشرہ کا ناظم مقرر کر دیا گیا۔ یہ تقرری سماجی اصلاح کے شعبے کو نئی توانائی عطا کرنے کے لیے کی گئی ہے۔مفتی ولی اللہ صاحب، صدر جمعیۃ علماء ضلع میڑچل نے اپنے پراثر خطاب میں تمام ذمہ داروں کو  موجودہ حالات میں کام کرنے کی ضرورت اور اہمیت کو سمجھا جایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے میدان عمل میں نکلنا ہوگا تاکہ معاشرہ اسلامی اصولوں پر استوار ہو سکے۔
 الحاج شیخ یونس الدین صاحب، جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء نے آگے کا لائحہ عمل پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام شریک ذمہ داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ عزم ضلع میڑچل کو ایک مثالی اسلامی معاشرے کی طرف لے جائے گا۔یہ اجلاس جمعیۃ علماء کی ضلع سطح پر فعال کردار کو مزید نمایاں کرتا ہے اور آنے والے دنوں میں متعدد پروگراموں کا آغاز ہونے کا توقع ہے۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے