باڑمیر، راجستھان (پریس ریلیز): مغربی راجستھان کی عظیم و ممتاز اور علاقۂ تھار کی مرکزی دینی درسگاہ "دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف” میں عرس و علومِ نبویہ کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے عرسِ بخاری و سالانہ جلسۂ دستارِ فضیلت و تقریبِ ختمِ بخاری شریف نہایت عقیدت، احترام اور شان و شوکت کے ساتھ آج یکم فروری 2026ء، بروز اتوار (دوشنبہ کی شب) منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس بابرکت موقع پر قطبِ تھار حضرت پیر سید حاجی عالی شاہ بخاری علیہ الرحمہ کا 158واں، حضرت پیر سید علاؤالدین شاہ بخاری علیہ الرحمہ کا 54 واں، بانیٔ دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ حضرت پیر سید کبیر احمد شاہ بخاری نوراللہ مرقدہ کا 12 واں اور مجذوبِ کامل حضرت پیر سید داون شاہ بخاری علیہ الرحمہ کا پہلا عرس بخاری منایا جائے گا۔
یہ عظیم الشان دینی و روحانی پروگرام دارالعلوم کے مہتمم و شیخ الحدیث، خانقاہِ عالیہ بخاریہ سہلاؤ شریف کے صاحبِ سجادہ نورُ العلماء پیر طریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کی قیادت میں، شرعی آداب کی مکمل پابندی کے ساتھ منعقد ہوگا۔
خصوصی خطابات جانشینِ مفتیٔ اعظمِ راجستھان حضرت علامہ؛الحاج مفتی شیر محمد خان صاحب قبلہ رضوی (شیخ الحدیث دارالعلوم اسحاقیہ، جودھپور) اور معروف خطیب حضرت علامہ سید امین القادری صاحب قبلہ (نگراں سنی دعوتِ اسلامی، مالیگاؤں) کے ہوں گے۔
منتظمین کے مطابق اس عرس و جلسہ کی تقریبات میں ملک کے نامور علمائے کرام، مشائخ عظام،سادات ذوی الاحترام، شعراء اور اربابِ علم و فن خصوصی طور پر شرکت فرمائیں گے۔
عرسِ بخاری و جلسۂ دستارِ فضیلت کی تمام تقریبات میں انتظامیہ کمیٹی درگاہ حضرت پیر سید حاجی عالی شاہ بخاری، محبانِ جہانیاں کمیٹی، اور دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف کے ذمہ داران و اراکین نے اہلِ سنت و عاشقانِ اولیاء سے کثیر تعداد میں شرکت کی پُرزور اپیل کی ہے۔
مذکورہ اطلاع دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف، باڑمیر، راجستھان کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا-
