سونپپری، مہراج گنج: گزشتہ کل بروز بدھ مدرسہ الصفہ للبنات سونپپری خرد، مہراج گنج میں سالانہ تعلیمی مظاہرہ نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ یہ پروقار تقریب حضرت مولانا محمد اسلام صاحب قاسمی بانی و ناظم مدرسۃ الصفہ للبنات کی زیرِ سرپرستی اور حضرت مولانا ڈاکٹر برکت اللہ صاحب ندوی کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔

جلسہ کا آغاز قرآن مجید کی پُرسوز تلاوت سے ہوا جس کی سعادت جنت عبد الرحیم نے حاصل کی۔ بعد ازاں حمد باری تعالیٰ حمیرہ قمر الدین نے پیش کی اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کلثوم فیروز نے نہایت عقیدت کے ساتھ سنائی۔

تعلیمی و ادبی پروگرام کے تحت طالبات نے مختلف زبانوں میں تقاریر پیش کیں، جن میں عربی تقریر عفیفہ محمد اللہ، ہندی تقریر ناظمین بیت اللہ، اردو تقریر رشدہ مریم مقصود اور انگریزی تقریر یاسمین نثار نے پیش کی۔ عربی سوم کی طالبات نے عربی مکالمہ پیش کیا جبکہ عربی پنجم (سالِ عالمیت) کی طالبات نے الوداعی ترانہ پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لیے۔ نظامت کے فرائض مولانا نور اللہ نور قاسمی صبیحہ مظہر حسین اور سعدیہ عبد الرحمٰن نے بحسن و خوبی انجام دیے۔

اس پُرنور جلسہ میں مہمانِ خصوصی حضرت مولانا نصیرالدین صاحب ندوی نے تعلیمِ نسواں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں دینی و عصری تعلیم سے آراستہ خواتین ہی معاشرہ کی حقیقی معمار ثابت ہو سکتی ہیں۔ صدرِ جلسہ حضرت مولانا ڈاکٹر برکت اللہ صاحب ندوی نے کامیاب طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی مسرت کا اظہار کیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں دیں۔


اس موقع پر عربی پنجم (سالِ عالمیت) کی دس طالبات کو ردائے فضیلت اوڑھا کر انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر مدرسہ کے بانی و ناظم مولانا محمد اسلام صاحب قاسمی نے ادارہ کے اغراض و مقاصد اور سالانہ کارگزاری پیش کرتے ہوئے تعلیمی و تربیتی خدمات پر روشنی ڈالی اور تمام معاونین و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں معزز علماء کرام اور عمائدینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں بالخصوص مولانا محمد طاہر صاحب قاسمی مہتمم مدرسہ فرقانیہ اکسڑوا، مولانا انعام صاحب مہتمم مدرسہ الصفہ للبنات سونپپری، مولانا قمر الحسن صاحب قاسمی، مولانا حفظ الرحمن صاحب ندوی ناظمِ تعلیمات مدرسہ الصفہ للبنات سونپپری، حافظ عبد الرحمٰن صاحب، مولانا ابوالکلام آزاد ندوی، مولانا محمد دین صاحب، حافظ فیروز صاحب، مولانا شمس الدین صاحب، مولانا محمد جنید صاحب ندوی اور مولانا ایوب صاحب قاسمی شامل تھے۔


اس کے علاوہ قرب و جوار کے معتبر افراد، طالبات کے سرپرست حضرات اور خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد شریک رہی۔ پروگرام نہایت خوشگوار اور روح پرور ماحول میں اختتام پذیر ہوا اور حاضرین نے ادارہ کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے