وصی اللہ عبدالحکیم مدنی

ناظم، ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر (یوپی)

ـــــــــــــــــــــــــــــــ

نہایت مسرت، شادمانی اور قلبی اطمینان کے ساتھ یہ خوش خبری پیش کی جارہی ہے کہ ملکِ نیپال کی معروف و عظیم سلفی درسگاہ جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر، نیپال کے ناظمِ اعلیٰ، داعیٔ توحید و سنت، باوقار سلفی صحافی، جناب مولانا شمیم احمد خان ندوی/ حفظہ اللہ تعالیٰ کی صحت بحمد اللہ روبہ بہتری ہے۔

گزشتہ ہفتہ عارضۂ قلب کے باعث طبیعت میں اچانک ناسازی پیدا ہوگئی تھی، جس پر اہلِ خانہ نے بروقت اقدام کرتے ہوئے آپ کو Medanta Hospital کے ہارٹ کمانڈ وارڈ میں داخل کرایا۔ وہاں ماہر اطباء کی خصوصی نگرانی اور مؤثر علاج کے نتیجے میں بحمد اللہ نمایاں افاقہ ہوا اور اب آپ ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوکر لکھنؤ میں اپنی قیام گاہ پر آرام فرما ہیں۔ اطباء نے عارضی طور پر ملاقات اور طویل گفتگو سے احتراز کا مشورہ دیا ہے تاکہ مکمل صحت یابی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

اللہ رب العزت کے فضلِ خاص، اکابر علماء اہلِ حدیث کی دعاؤں، احبابِ جماعت و جمعیت کی خیرخواہانہ توجہات، وابستگانِ جامعہ کی قلبی وابستگی اور متعلقین کی پرخلوص مناجات کے طفیل آپ کی طبیعت میں واضح بہتری آئی ہے اور آپ خود کو بہتر محسوس فرما رہے ہیں۔

ناظم محترم نے اپنے جملہ محبین، رفقائے دعوت، اساتذۂ جامعات، مدارس کے طلبہ و طالبات اور اربابِ اخلاص کی خدمت میں ہدیۂ تشکر و امتنان پیش فرمایا ہے اور مزید دعاؤں کی مخلصانہ درخواست کی ہے۔

میں بحیثیت ناظم، ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر اور بطور خادمِ جامعہ، تمام فرزندانِ توحید، محبانِ سنت، اربابِ علم و فضل اور اہلِ خیر حضرات سے مؤدبانہ اپیل کرتا ہوں کہ اس مردِ مجاہدِ دعوت کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں، بالخصوص رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں ان کی عاجلہ و کاملہ شفایابی، درازیِ عمر، دوامِ صحت اور اخلاص و استقامت کے ساتھ دینی خدمات کی مزید توفیق کے لیے بارگاہِ الٰہی میں دعا کریں۔

ہم بارگاہِ رب العزت میں دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس خادمِ کتاب وسنت کو صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، انہیں ملتِ اسلامیہ کے لیے سایۂ رحمت و عاطفت بنا کر سلامت رکھے اور جامعہ کو ان کی صالح، بصیر اور منہجِ سلف پر استوار قیادت میں مزید ترقیات، علمی اشاعت اور دعوتی فتوحات سے ہمکنار فرمائے۔ وما ذلك على الله بعزيز۔آمین!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے