حمید حسن مبارک پوری 

استاذ مدرسہ اسلامیہ، املو مبارک پور۔

الحمد للہ! ضلع سدھارتھ نگر میں شعبۂ حفظ قرآن کریم کے تحت ایک نہایت شاندار اور قابل تحسین مسابقے میں شرکت کا موقع ملا۔ اس مسابقے میں ضلع سدھارتھ نگر اور اس کے قرب و جوار کے مختلف علاقوں سے حفاظِ کرام اور طلبۂ مدارس نے شرکت کی۔ یہ پروگرام ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر یوپی کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں علمی وقار، حسن انتظام، نظم و ضبط اور بالخصوص شفافیت کا غیر معمولی مظاہرہ دیکھنے کو ملا ،جس سے شرکاء، اساتذہ اور حاضرین کے درمیان اعتماد اور اطمینان کی فضا قائم رہی۔ بلاشبہ دینی و علمی مسابقات میں شفافیت اور غیر جانب داری ہی ان کی حقیقی کامیابی اور افادیت کی ضمانت ہوتی ہے۔

اس علمی و قرآنی پروگرام کی سرپرستی اور نگرانی فضيلة الشيخ وصی اللہ عبدالحکیم مدنی حفظہ اللہ( ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر واستاذ جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر،نیپال ) اور ضلعی جمعیت کے دیگر ذمہ داران کے زیرِ اہتمام رہی۔ شیخ محترم کی محنت، حسن انتظام، باہمی تعاون اور اخلاص کے نتیجے میں یہ پروگرام نہایت کامیابی اور خوش اسلوبی کے ساتھ پایۂ تکمیل کو پہنچا۔

مسابقے میں متعدد ممتاز اہلِ علم اور جید علمائے کرام نے بحیثیتِ حکم اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔ میرے مشفق ہر دل عزیز بڑے بھائی شیخ راشد حسن مبارک پوری حفظہ اللہ(استاذ جامعہ اسلامیہ فیض عام، مئو)، فضیلۃ الشیخ عامر مدنی حفظہ اللہ ( استاذ جامعہ اسلامیہ فیض عام، مئو)اور راقم الحروف کو بھی بحیثیت حکم اس مسابقےمیں شرکت کا موقع ملا۔ ہمارے ساتھ مکتبہ دار السلام مئو کے مینیجر برادرم حذیفہ شاہد حفظہ اللہ رفیق سفر رہے، جنہوں نے اپنی کوشش ولگن سے بڑی کم مدت میں اپنے مکتبہ کو بڑے مکتبات کی فہرست میں شامل کر لیا ہے- واللہ ولی التوفیق ۔

اس موقع پر مسابقہ میں اہل علم کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی نے پروگرام کی علمی وقعت اور معنویت میں مزید اضافہ کر دیا تھا ۔

 فضیلۃ الشیخ حافظ عبد السمیع صاحب مدنی حفظہ اللہ ہمارے زمرہ میں بحیثیت حکم و صدر تھے، شیخ سے میری پہلی ملاقات تھی لیکن ان کے حسن اخلاق اور دن بھر کی دیگر کارکردگی سے ان کی علمی شخصیت کو سمجھنا اور آسان ہوا،( زادہ اللہ علما نافعا)

 اس موقع پر یہ احساس بھی مزید پختہ ہوا کہ نئی نسل کو کتاب اللہ سے وابستہ رکھنے، ان کے اندر حفظ و قراءت کا ذوق پیدا کرنے اور حفظ کی بقا کے لیے اس طرح کے مسابقات کس قدر ضروری اور مفید ہیں۔ ایسے پروگرام محض مسابقہ اور انعامات تک محدود نہیں ہوتے، بلکہ طلبہ کے اندر شوق قرآن، محنت، خود اعتمادی اور علمی ذوق کو پروان چڑھانے کا مؤثر ذریعہ بنتے ہیں۔

 اس سفر کے دوران حاصل ہونے والی محبتیں، خلوص، اپنائیت اور خصوصی عنایات بھی ہمارے لیے نہایت قیمتی سرمایہ ہیں۔

خصوصی طور پر اپنے بچپن کے نہایت مخلص اور دیرینہ دوست خالد رشید صاحب سراجی حفظہ اللہ ( استاد جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر،نیپال )کا ذکر کیے بغیر نہیں رہ سکتا۔ بچپن کی رفاقت اور دیرینہ تعلق اپنی جگہ، لیکن اس موقع پر انہوں نے جس محبت، خلوص، اپنائیت اور خصوصی عنایات سے نوازا، وہ میرے لیے بے حد خوشی اور مسرت کا باعث ہے۔ ایسے مخلص دوست واقعی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، ان کی محبتوں، اخلاص و وفا اور حسن سلوک کا دل سے ممنون ہوں۔

اسی طرح فضیلۃ الشیخ سعود اختر عبد المنان صاحب سلفی حفظہ اللہ(نائب ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر ) کی محبتوں اور خصوصی تعلقات کا بھی تہ دل سے معترف ہوں۔ وہ جس محبت، شفقت اور اپنائیت کا اظہار کرتے ہیں، وہ صرف ہماری ذات تک محدود نہیں، بلکہ ہمارے اور استاذ محترم شیخ عبدالمنان سلفی رحمہ اللہ کے اہل وعیال کے ما بین محبت بھرا قدیم تعلق بھی ہمارے لیے باعث مسرت اور قابل قدر ہے۔ ان کی یہ بے لوث محبتیں ہمارے لیے ہمیشہ یادگار رہیں گی۔

اسی طرح مرکز آفاق لتحفیظ القرآن الکریم ( مہدیا ) کے ناظم مولانا رفیع احمد ندوی حفظہ اللہ (نائب ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر)اور ان کے رفقاء کی مہمان نوازی، ضیافت اور خصوصی انتظامات بھی بطور خاص قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے مہمانوں کے استقبال، ضیافت اور دیگر ضروریات کا جس خوش دلی، خندہ پیشانی، فراخ دلی اور محبت کے ساتھ اہتمام کیا، وہ واقعی لائق تحسین ہے۔ ان کی مسلسل تگ و دو، حسن انتظام اور مہمانوں کے اکرام کا جذبہ قابل قدر تھا۔ انہوں نے جس انداز سے مہمانوں کی خدمت اور خاطر مدارات کی، اس سے ان کے حسن اخلاق اور خلوص کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔

   مسابقہ کا سلسلہ ظہر بعد تک جاری رہا اور پھر کھانے سے فارغ ہو کر تقسیم انعامات اور اہل علم کے قیمتی تاثرات کا سلسلہ شروع ہوا مخصوص اہل علم کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے تکریمی ایوارڈ سے نوازا گیا

بلاشبہ بعض اجتماعات اپنی علمی و دینی افادیت کے باعث یاد رہ جاتے ہیں، لیکن کچھ اجتماعات ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی یادیں وہاں ملنے والی محبتوں، خلوص، اپنائیت اور حسن سلوک کی وجہ سے دل میں ہمیشہ کے لیے جگہ بنا لیتی ہیں۔ سدھارتھ نگر کا یہ سفر میرے لیے انہی خوش گوار اور ناقابل فراموش یادوں میں سے ایک ہے۔

میں ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر کے تمام ذمہ داران، بالخصوص فضیلتہ الشیخ محمد ابراھیم مدنی حفظہ اللہ (امیر ضلعی جمعیت، سدھارتھ نگر)،

فضیلة الشيخ وصی عبدالحکیم مدنی حفظه الله ( ناظم ضلعی جمعیت،سدھارتھ نگر)

 فضیلۃ الشیخ عبد الرب سلفی حفظہ اللہ ( نائب ناظم ضلعی جمعیت)، مولانا جمشید عالم سلفی حفظہ اللہ (ناظم مقامی جمعیت اہلِ حدیث، شہرت گڑھ)، مولانا عبد الرشید سلفی حفظہ اللہ ( نائب ناظم مقامی جمعیت اہلِ حدیث، شہرت گڑھ)، مولانا محبوب عالم سلفی حفظہ اللہ،(رکن مقامی جمعیت،شہرت گڑھ) مولانا محمد ہاشم سلفی (ناظم مقامی جمعیت اہل حدیث، نوگڑھ) نیز تمام منتظمین، معاونین، معزز حکم حضرات، اساتذۂ کرام اور دیگر تمام احباب کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے اپنی محبتوں، خلوص اور خصوصی عنایات سے نوازا۔

اللہ تعالیٰ اس مبارک قرآنی کوشش کو شرف قبولیت عطا فرمائے، تمام حفاظ کرام کو قرآن کریم کا سچا عامل بنائے، ان کے اساتذہ اور والدین کی محنتوں کو قبول فرمائے، جمعیت کے ذمہ داران کو مزید دینی و علمی خدمات انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے