زین العابدین ندوی
مقیم حال ممبئی
شہروں میں رہنے والے اگر تیراکی نہ جانیں تو حیرت کی بات نہیں کہ انہیں تالابوں اور دریاؤں سے کوئی واسطہ ہی کب پڑتا ہے لیکن حیرانی تو اس بات پر یقینی ہے کہ دریا کے کنارے رہنے والا تیراکی سے بے خبر ہے کہ جس کی زندگی کے صبح و شام اسی دشت کی سیاحی اور دریا کی ملاحی میں گزرے۔
اتر پردیش میں متوقع اسمبلی انتخاب کے کچھ ماہ رہ گئے ہیں، ایسے میں سیاسی گلیاروں میں جو ہلچل دکھ رہی ہے اس پر افسوس کیا جائے یا ماتم یہ کسی بھی ادنی باشعور شخص سے مخفی نہیں، ایک طرف ملک کی بگڑتی صورت حال اور نفرت کا بڑھتا گراف ہے جس سے سچی بات یہ ہے کہ ہر امن پسند پریشان ہو چکا ہے اور خلاصی کی راہ تلاش کر رہا ہے جس کو پانا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ۔
ایسے میں بجائے سجھانے کے ایک صاحب مزید الجھانے پر گویا آمادہ ہیں، یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں اس سے پہلے بھی بہار بنگال کے اسمبلی انتخابات میں وہ ایسا کر چکے ہیں، یہ بات ٹھیک اور درست ہے کہ یہ جمہوری ملک ہے کوئی کہیں بھی جا سکتا ہے اور اپنی حصہ داری کے پرفریب نعرہ دے کر ماحول کو مزید بدتر بنا سکتا ہے لیکن معاملہ کی سنگینی اس وقت زیادہ بڑھ جاتی ہے جب یہ سب کچھ کسی خاص مذہب کے سایہ میں اور مخصوص قوم کے نام پر کیا جاتا ہے- کندھا مذہب اور اہل مذہب کا اور مفاد اپنی ذات کا ۔
آپ کو حق ہے کہ آپ کہیں کہ جب کسی خاص مذہب کے ماننے والوں کو مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے تو ان کے نام پر آواز کیوں نہیں اٹھائی جا سکتی؟ لیکن آپ ذرا سنجیدگی سے غور فرمائیں گے تو ممکن ہے یہ گتھی سلجھ جائے کہ پھر کیا فرق باقی رہتا ہے ان میں جو سیاسی اسٹیج سے جے شری رام کے نعرہ لگاتے ہیں اور ان میں جو اللہ اکبر کی بلا موقع و محل صدا لگاتے ہیں؟ اس سے اتنا تو سمجھا جا سکتا ہے کہ دونوں کے نام جدا جدا ہیں لیکن طرز سیاست میں مکمل یکسانیت ہے، ملک ایسی نفرت زدہ ذہنیت سے خلاصی چاہتا ہے ۔
آپ کو یہ بھی کہنے کا حق ہے کہ جب دیگر سماج کے لوگ اپنی سیاسی جماعتیں بنا سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں ؟ جی بالکل بنائیں ہزار بار بنائیں اور بنانی چاہئے لیکن ایسے مواقع پر یہ بالکل نہ بھولنا چاہئے کہ وہ سب کے سب ذاتوں کی تقسیم کے باوجود ایک مذہب کے پیروکار ہیں اور مذہب کے نام پر لوگوں کو اکٹھا کرنا کتنا آسان ہے یہ دنیا جانتی ہے، جس میں ہمارے نواب صاحب ہمدرد ملت دانستہ یا نادانستہ طور پر ان کے معاون ثابت ہوتے ہوئے آلہ کار بن رہے ہیں، جبکہ یہ زمینی حقیقت ہے کہ ایک بڑی جماعت بلا امتیاز مذہب وملت ایسے اصحاب فکر کی موجود ہے جو ان سب چیزوں سے اوپر اٹھ کر سوچنا جانتے بھی ہیں اور چاہتے بھی ہیں۔
ممکن ہے آپ کے ذہن میں یہ سوال آ رہا ہو کہ ظلم وبربریت کے اس دور میں مسلمانوں کے لئے آواز اٹھانے والا کوئی نہیں اگر کوئی ہے بھی تو بس نواب صاحب ہیں،اس پر ایک واجب سوال یہ ہے کہ کوئی ایسا قضیہ جس پر صاحب نے آواز اٹھائی ہو اور اس کا کوئی حل نکلا ہو جس سے قوم وملت کوئی فائدہ پہونچا ہو؟ ہاں پہونچنے والے نقصانات کی ایک طویل ترین فہرست ضرور تیار ہو سکتی ہے۔
حصہ داری اچھی چیز ہے لیکن ریجنل اور نیشنل سطح کی سیاست میں بہت فرق ہوتا ہے اس کو نظر انداز کرتے ہوئے حصہ داری کی بات کرنا نہ صرف یہ کہ غیر مناسب ہے بلکہ سم قاتل ہے، میں کسی کی نیت پر شک نہیں کرتا اور نہ ہی کسی کو یہ حق حاصل ہے کہ کسی کی نیت پر حملہ کرے، لیکن ظاہری حرکتوں سے جس چیز کو سمجھا جا سکتا ہے اسے تو بیان کیا ہی جا سکتا ہے، پورا ملک سمجھ رہا ہے کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور کس کے مفاد میں کر رہے ہیں ۔
ایسے میں کچھ نیا خون اور نیا جوش جذبات کی رو میں غیر دانشمندانہ حرکتیں کرتا نظر آ رہا ہے، جب کہ نہ انہیں تاریخ کا پتہ ہے نہ ہی سیاسی سوجھ بوجھ میں پختگی ہے بس دیوانہ وار انجام سے بے پرواہ ہو کر اندھیرے کو اجالا سمجھنے کی بھول کر رہے ہیں، میں اپنے ان بھائیوں سے انتہائی ادب کے ساتھ بس اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ آپ صرف پچھلے سو سال کی ان ملکوں، تحریکوں اور سیاسی جماعتوں کی تاریخ پڑھئے جنہوں نے جمہوری ممالک میں اقلیت میں ہوتے ہوئے قوم و مذہب کے نام پر سیاست کی اور پھر ان کا کیا انجام ہوا ۔
مجھے یقین ہے اگر آپ نے سنجیدگی سے ان تاریخی اوراق کو پڑھ لیا تو جذباتیت کا یہ بھوت بہت جلد اتر جائے گا ۔۔
