بتدریج روز افزوں صحت میں افاقہ — وصی اللہ مدنی
_________
نہایت مسرت و شادمانی کے ساتھ یہ روح پرور خبردی جارہی ہے کہ بتاریخ 26 فروری 2026ء بروز جمعرات مادرِ علمی جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر، نیپال کے ایک پانچ رکنی مؤقر وفد نے جناب مولانا شمیم احمد ندوی صاحب (ناظم جامعہ سراج العلوم السلفیہ) کی عیادت اور شرفِ ملاقات کے لیے لکھنؤ میں ان کی اقامت گاہ پر حاضری دی۔
اس وفد میں جناب مولانا رفیع احمد ندوی، راقم سطور وصی اللہ عبدالحکیم مدنی، جناب مولانا سعود اختر سلفی، جناب مولانا خالد رشید سراجی اور جناب مولانا محبوب عالم سلفی شامل تھے۔
ناظمِ جامعہ حفظہ اللہ نے اپنے جامعہ کے فضلاء و اساتذہ کرام کو دیکھ کر بے حد مسرت کا اظہار فرمایا۔ تقریباً دو ڈھائی گھنٹے تک مختلف موضوعات پر نہایت خوشگوار اور سنجیدہ گفتگو جاری رہی۔ دورانِ گفتگو بیماری کے آغاز، اہلِ خانہ کی بروقت فکر مندی، اطمینان بخش علاج و معالجہ کی کاوشوں اور رفقاء و متعلقین کی مخلصانہ دعاؤں کا تذکرہ فرمایا اور مزید صحت و عافیت کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
الحمد للہ! اب طبیعت کافی حد تک سنبھل چکی ہے اور واضح افاقہ ہے۔ حوصلہ اس قدر بلند ہے کہ بقیہ ایام کے روزے رکھنے کا عزم رکھتے ہیں، تاہم اوقاتِ دوا کی پابندی اور ہر دو گھنٹے بعد دو گلاس پانی پینا لازم ہونے کے باعث فی الحال یہ خواہش پوری ہونا ممکن نہیں۔ اس پر طبعاً افسوس ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کے ہر فیصلے پر رضا و تسلیم کا اظہار فرما رہے ہیں، جو ایک مردِ مومن کی روشن علامت ہے۔
گذشتہ ایام میں علالت کے سبب احبابِ جماعت، تلامذہ اور متعلقین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔ ہر سو دعاؤں کا اہتمام تھا اور دل بارگاہِ الٰہی میں دست بدعا تھے۔ اللہ رب العزت نے اپنے فضلِ خاص سے ان دعاؤں کو شرفِ قبولیت بخشا اور مولانا موصوف کو صحت و عافیت سے نوازا۔
یہ مسرت بخش خبر اہلِ علم و دعوت کے حلقوں میں باعثِ اطمینان و فرحت ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا محترم کی صحت کو کامل و دائم رکھے، عمر میں برکت عطا فرمائے اور ملتِ اسلامیہ کو ان کے علم و حکمت سے مدتوں مستفید فرماتا رہے۔ آمین!
ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے ذمہ داران و اراکین اس خوشی کے موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور بارگاہِ الہی میں دعا گو ہیں کہ مولانا موصوف کو صحتِ کاملہ عاجلہ نصیب فرمائے۔
اس سفر کی قیادت جناب مولانا رفیع احمد ندوی فرما رہے تھے، جو خلیق، ملنسار اور مرنجاں مرنج طبیعت کے مالک ہیں۔ سفر نہایت خوشگوار رہا۔ واپسی پر موصوف نے حقِ ضیافت بھی خوب ادا فرمایا۔ اللہ تعالیٰ انہیں اس کا بہترین اجر عطا فرمائے۔ آمین!
