جماعت اسلامی ہند بیدرکا مسجد درشن پروگرام اور دعوتِ افطار

بیدر۔ یکم مارچ (پریس ریلیز): فتح دروازہ روڈ پر واقع مسجدِ پنسال تعلیم بیدر میں بروز سنیچر جماعت اسلامی ہند بیدر کے زیرِ اہتمام خصوصی افطار پارٹی بعنوان ’’مسجد درشن پروگرام‘‘ منعقد کیا گیا، جس میں برادرانِ وطن اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔پروگرام کا آغاز مسجد کے امام مولانا عبدالصمد قاسمی صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ انہوں نے نہایت مؤثر انداز میں اسلام کا تعارف پیش کیا اور اس کے بنیادی عقائد اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔اس کے بعد محترم محمدنظام الدین صاحب، رکن جماعت اسلامی ہند بیدر نے خطاب کرتے ہوئے تمام حاضرین کا استقبال کیا، جن میں محلہ پنسال تعلیم کے برادرانِ وطن اورپنسال مٹھ کے جگن ناتھ مانک مہاراج مؤظف بھی موجود تھے۔جناب نظام الدین نے کنڑ زبان میں توحید، رسالت اور آخرت کے عقائد کو نہایت سادہ اور مدلل انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک ماں باپ کی اولاد ہیں، جنہیں ہم حضرت آدمؑ اور حضرت حواؑ کے نام سے جانتے ہیں۔ روزہ دراصل انسان کی تربیت کا ذریعہ ہے، جس کے ذریعے ہم نیکیوں کو اپناتے اور برائیوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ روزے کا اصل مقصد اللہ کا خوف اور اس کی عظمت کو انسانی دل میں بٹھانا ہے۔آخر میں محترم جناب محمد آصف الدین صاحب، رکنِ شوریٰ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے خطاب کرتے ہوئے رمضان المبارک کی فضیلت، تقویٰ کی اہمیت اور روزے کے اصل مقصد پر روشنی ڈالی۔ اورکہا کہ رمضان المبارک صبر، ہمدردی اور اخوت کا درس دیتا ہے اوراپنے اندر تقویٰ پیدا کرنے، غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے اور معاشرے میں بھائی چارہ کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افطار پارٹیوں کا مقصد صرف کھانا کھلانا نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنا، غلط فہمیوں کو دور کرنا اور باہمی تعلقات کو مضبوط کرنا ہے۔ جماعت اسلامی ہند ہمیشہ سماج میں امن، بھائی چارہ اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے کوشاں رہی ہے۔مغرب کی اذان کے ساتھ اجتماعی دعا کی گئی اور تمام حاضرین نے مل جل کر روزہ افطار کیا۔ آخر میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ بھی اس طرح کے اصلاحی و سماجی پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے تاکہ معاشرے میں محبت، ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔پروگرام کی کارروائی جناب رفیق احمد صاحب، رکن جماعت اسلامی ہند بیدر نے چلائی۔ اس موقع پر محمد معظم صاحب، امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند بیدر، جناب محمد جاوید صاحب صدر مسجد کمیٹی پنسال تعلیم، جناب پاشاہ انعامدار صاحب،جناب احمد علی صاحب، جناب یوسف ہاشمی صاحب ، جناب سراج الدین نیلواڑکراور دیگر کارکنان و ذمہ داران بھی شریک رہے۔اس بات کی اطلاع جناب محمد صلاح الدین معاون امیرمقامی نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے