تمام طلبہ کی دنیا وآخرت کے لئے اردوودکنی شاعر میرؔ بیدری دعاگو
بیدر۔ 23/اپریل (پریس نوٹ): اردو اور دکنی شاعر جناب میرؔبیدری نے ریاست کرناٹک کے دہم جماعت کے بورڈ امتحانات میں کامیاب ہوچکے طلبہ و طالبات کو کامیابی کی مبارک باد پیش کی ہے اور ان کی آئندہ زندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہا رکیاہے۔ میرؔبیدری نے ایک پریس نوٹ میں تمام طلبہ و طالبات سے کہا ہے کہ”عزیز طلبہ وطالبات، آپ کی کامیابی آپ کے لئے ہی نہیں ہمارے سماج اورہمارے ملک بھارت کے لئے بھی اہم ہے۔ کل کو اس ملک کی ذمہ داری آپ کے کندھوں پر ہوگی۔ موصوف نے طلبہ سے کہاکہ دہم جماعت کے بعد کنڑا میڈیم، اردو میڈیم، مراٹھی میڈیم اور ہندی میڈیم طلبہ کو پی یوکالج میں انگریزی (انگلش) سے واسطہ ہوتاہے کیوں کہ تمام مضامین انگریزی میں پڑھائے جاتے ہیں۔ ابتداء میں انگریزی کی وجہ سے کچھ مشکل ہوتی ہے، پھر چھ ماہ بعد سب کچھ نارمل ہوجاتاہے۔ لیکن ا س نارمل اسٹوڈنٹ لائف کے ساتھ ہی ایک اور بات ذہن میں یہ آتی ہے کہ ہماری مادری زبان(کنڑا، اردو، ہندی، مراٹھی وغیرہ) سے پرکشش اورضروری زبان انگریزی ہے۔ اس لئے ہم صرف انگریزی کے ہوکررہ جائیں۔ آپ ایسا بالکل بھی نہ سوچیں۔ تمام زبانوں کی یکساں اہمیت ہے لیکن اپنی مادری زبان کنڑا، اردو، ہندی اور مراٹھی وغیرہ کی بات دوسری زبانوں میں نہیں آتی۔ہم خواب بھی اپنی مادری زبان میں دیکھتے ہیں اور سوچتے بھی مادری زبان ہی میں ہیں۔ لہٰذ ااپنی اپنی مادری زبانوں سے دوری نہ بنائیں۔ ٹیکنالوجی کا استعمال بھی سخت ضرورت کے تحت ہو۔ بری صحبتوں سے بچیں۔ ٹنشن سے بچیں۔صحت مند رہنے کوترجیح دیں۔ دنیا اس قدر بڑی ہے کہ جس کو جتنی مل جائے وہ اس دنیا کو مزید حاصل کرنا چاہے گااس لئے ایسی حرص اورلالچ سے بچیں۔ والدین کی فرماں برداری میں لگے رہیں۔ ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنیں۔ سماج اور ملک آپ کا ہے، اس کے لئے مثبت کام انجام دیں۔ میں آپ تمام طلبہ کی دنیااور آخرت کے لئے دعا گوہوں۔
