الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) کے زیرِ اہتمام “ایک شام، غریب و کمزور مریضوں کے نام” پروگرام کا انعقاد

جونپور، (نامہ نگار): الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) کے زیرِ اہتمام ضلع جونپور کے گاؤں صبرحد میں ایک پروقار تقریب بعنوان “ایک شام، غریب و کمزور مریضوں کے نام” منعقد کی گئی، یہ تقریب تنظیم کی جانب سے 800 سے زائد مریضوں کو مفت خون فراہم کرنے کی نمایاں کامیابی کے موقع پر تنظیم کے رکن اور “تیمور ڈسپوزل اینڈ کولڈ ڈرنکس سینٹر” کے مالک احمداللہ ندوی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی ، تقریب کا آغاز فیضی نعمانی کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا،جبکہ نظامت کے فرائض حافظ عبد المنان نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیے۔

پروگرام کے مہمانِ خصوصی اور بلڈ ڈونیٹ گروپ کے بانی ذاکر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ “غریب مریضوں کو بروقت مفت خون فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، انسانی خدمت ہی اصل عبادت ہے اور الفلاح فاؤنڈیشن اسی جذبے کے ساتھ مسلسل اپنی خدمات انجام دے رہی ہے،انہوں نے یاسر پٹھان، معاذ ایڈووکیٹ، فہیم شیرازی، ابو شحمہ ماہلی اور معاذ سنجری کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین ماہل بدرِ عالم نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ترقی تعلیم اور سماجی خدمات کے فروغ سے ہی ممکن ہے، انہوں نے الفلاح بلڈ ڈونیٹ گروپ کو مزید مستحکم بنانے کی اپیل بھی کی۔ اس موقع پر اسماعیل ندوی اور مفتی ابوذر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے الفلاح کی خون عطیہ مہم کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے پر ابو شحمہ ماہلی اور یاسر پٹھان کو اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ بہترین صحافتی خدمات کے اعتراف میں یو این اے نیوز کے ایڈیٹر اسماعیل ندوی کو بھی ایوارڈ پیش کیا گیا۔

پروگرام میں اعظم قریشی، محمد ابراہیم، محمد عامر، امتیاز ندوی (صحافی)، محمد ذاکر، محمد شاغل، حسین حیدر، بلال جاوید، محمد عثمان، محمد زید، محمد وامق، نسیم شیخ، محمد عبداللہ، شفیع الدین، شہنواز اور محمد سہیل سمیت کثیر تعداد میں معزز افراد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے