ظہیرآباد 3 مئی (مشرقی آواز جدید): آل انڈیا صوفی ملی کونسل کی جانب سے ایک باوقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں تلنگانہ اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینیئر ائمہ کرام اور مؤذنین کو ان کی طویل دینی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز اُن حضرات کو پیش کیا گیا جنہوں نے تقریباً 25 سے 50 برس تک دینِ اسلام کی خدمت میں اپنی زندگیاں وقف کیں۔
اس موقع پر تعلقہ ظہیرآباد سے ممتاز شخصیات کو بھی خصوصی طور پر سرفراز کیا گیا، جن میں مولانا عبدالمجیب صاحب قاسمی امام وخطیب جامع مسجد ظہیرآباد، مفتی نذیر احمد صاحب حسامی، حافظ محمد محبوب علی امام و خطیب جامع مسجد کوہیر ، حافظ عبدالکلام یلگوئی، ڈاکٹر تاج الدین جرلہ پرلی، قاضی محمد صلاح الدین امام وہ خطیب جامع مسجد ماڑگی، اور جامع مسجد ظہیرآباد کے مؤذن محمد خلیل احمد شامل ہیں۔ ان تمام حضرات کی شال پوشی کی گئی اور انہیں باوقار ایوارڈز سے نوازا گیا۔
تقریب کے دوران مقررین نے ائمہ و مؤذنین کی دینی، سماجی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ حضرات معاشرے کی روحانی رہنمائی کا اہم ستون ہیں، جن کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔واضح رہے کہ اس اعزاز کے حصول میں ظہیرآباد کے سماجی و ملی شخصیات محمد یوسف (صدر ال انڈیا صوفی ملی کونسل ظہیر اٹباد) اور حافظ عبدالمجیب (صدر بیت الامداد ظہیرآباد) کی خصوصی نمائندگی اور بھرپور کاوشیں شامل رہیں، جن کی محنت کے نتیجے میں مقامی علماء و خدام کو یہ اعزاز حاصل ہوا۔ اس موقع پر ظہیر آباد سے سید غالب صاحب صدر مسجد محمدی احمد نگر کالونی، محمد حبیب الرحمن خازن مسجد محمدی ، سلیم شالی مسجد محمدی بھی شریک تھے
تقریب کا اختتام دعا پر ہوا، جس میں امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔۔۔۔
