بیدر، 3 مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): جناب عبدالصمد منجووالا كے بموجب بسوا کلیان میں ماہانہ روحانی و نورانی محفلِ فاتحہ 21/ ذیقعدہ مطابق 9 مئی بروز ہفتہ بعد نمازِ مغرب، بمقام بارگاہ حضرت خواجہ سید تاج الدین شیرِ سوار المعروف بہ راجہ باگ شیر سوار رحمۃ اللہ علیہ منعقد ہوگی۔ اس بابرکت محفل کی سرپرستی و نگرانی پیرِ طریقت حضرت مولانا خواجہ ضیاء الحسن جاگیردار صاحب قبلہ، سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت تاج الدین شیرِ سوار رحمۃ اللہ علیہ فرمائیں گے، جبکہ محفل کا آغاز جناب محمد مصباح الحسن جاگیردار، جانشین سجادہ نشین بارگاہ حضرت ممدوح کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوگا۔ بعد ازاں نعتِ شریف، میلاد خوانی اور منقبت خوانی پیش کی جائے گی، جب کہ اس روحانی اجتماع میں درسِ قرآن و درسِ رشد و ہدایت کا خصوصی اہتمام بھی رکھا گیا ہے. محفل میں مریدین و معتقدین کو ادب، قرأت، نعت، اذان اور نماز کی عملی تربیت بھی دی جائے گی، جب کہ حلقہ ذکرِ جہری کے بعد ختم القرآن، گلہائے عقیدت (چادر گل) بمزار حضرت ممدوح پیش کرنے کی سعادت حاصل کی جائے گی۔ پیشکشی چادر گل کے بعد سلام و نیاز و فاتحہ ادا کی جائے گی، آخر میں تقسیمِ تبرکات اور لنگرِ عام (لنگرِ راجا باگ سوار رحمۃ اللہ علیہ) کا وسیع انتظام کیا گیا ہے، اور تمام وابستگان، مریدین و محبانِ اولیاء کرام سے اس بابرکت محفل میں شرکت کی گزارش کی گئی ہے۔
