اسلامی ماحول میں معیاری عصری و دینی تعلیم کا عظیم اور روشن مرکز، گیارہ سالہ کامیاب تعلیمی سفر داخلے جاری

 ظہیرآباد16/مئی( نمائندہ): تعلیم کسی بھی معاشرہ کی ترقی، تہذیب اور روشن مستقبل کی بنیاد ہوتی ہے، اور جب یہی تعلیم اسلامی اقدار، اخلاقی تربیت اور بہترین ماحول کے ساتھ فراہم کی جائے تو وہ نئی نسل کی تعمیر و اصلاح کا عظیم ذریعہ بن جاتی ہے۔ شہر ظہیرآباد میں قائم “حراء فاؤنڈیشن اسکول” الحمدللہ گزشتہ گیارہ برسوں سے اسی عظیم مقصد کو لے کر مسلسل کامیابی کے ساتھ اپنی تعلیمی، تربیتی اور اخلاقی خدمات انجام دے رہا ہے۔
سن 2015 میں قائم ہونے والا یہ ادارہ ملک کے ممتاز عالم دین، صاحبِ نسبت بزرگ، خطیب العصر حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم کی خصوصی مشاورت اور براہِ راست نگرانی میں قائم کیا گیا۔ ابتدا ہی سے ادارہ کا مقصد بچوں کو خالص اسلامی ماحول میں معیاری عصری تعلیم، مضبوط دینی تربیت، اعلیٰ اخلاق اور بہترین تہذیبی شعور فراہم کرنا رہا، تاکہ طلبہ و طالبات نہ صرف تعلیمی میدان میں کامیاب ہوں بلکہ اسلامی اقدار کے امین بھی بن سکیں۔
الحمدللہ، گیارہ سالہ اس کامیاب سفر کے دوران ہزاروں طلبہ و طالبات نے ادارہ سے استفادہ کیا اور بہترین تعلیم و تربیت حاصل کی۔ آج حراء فاؤنڈیشن اسکول شہر اور اطراف و اکناف کے ممتاز عصری و اسلامی اداروں میں اپنی منفرد شناخت قائم کر چکا ہے۔ ادارہ کے چیرمین حضرت مولانا مفتی عبدالصبور قاسمی صاحب مسلسل اخلاص، محنت اور تعلیمی بصیرت کے ساتھ ادارہ کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچا رہے ہیں۔ آپ کی نگرانی میں تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاق، کردار، تربیت، اسلامی ویلیوز اور عملی زندگی کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ادارہ کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کے شاندار تعلیمی نتائج ہیں۔ الحمدللہ گزشتہ گیارہ برسوں میں پانچ دسویں جماعت کے بیچس کامیابی کے ساتھ فارغ ہوئے، جن میں تقریباً 122 طلبہ و طالبات ایس ایس سی امتحانات میں شریک ہوئے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام طلبہ و طالبات سو فیصد کامیاب رہے۔ ایک بھی طالب علم کسی ایک مضمون میں ناکام نہیں ہوا۔ اس سال بھی الحمدللہ 28 طلبہ و طالبات نے دسویں جماعت کا امتحان دیا، جن میں سے 19 طلبہ نے 600 میں سے 500 سے زائد نمبرات حاصل کرتے ہوئے نمایاں کامیابی درج کی اور A گریڈ حاصل کیا۔
الحمدللہ گزشتہ گیارہ برسوں کے دوران ایک ہزار سے زائد طلبہ و طالبات ادارہ سے ناظرہ قرآن مکمل کر چکے ہیں، جو اس ادارہ کی مضبوط دینی و تربیتی خدمات کا روشن ثبوت ہے۔ ادارہ میں جہاں ساٹھ سے زائد ماہر، تجربہ کار اور تربیت یافتہ اساتذہ عصری تعلیم کی تدریس میں مصروف ہیں، وہیں دینی تعلیم، قرآن کریم، اسلامیات اور اخلاقی تربیت کے لیے تقریباً دس علماء، حفاظ، فضلاء اور مفتیانِ کرام کی خدمات حاصل ہیں، جو طلبہ و طالبات کی دینی، اخلاقی اور عملی تربیت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ الحمدللہ اسی متوازن نظامِ تعلیم کی بدولت ادارہ عصری اور دینی تعلیم کے حسین امتزاج کی ایک بہترین مثال بن چکا ہے۔
ادارہ میں روزانہ مستقل دینی کلاسس، اصلاحی بیانات اور تربیتی نشستیں منعقد کی جاتی ہیں، جبکہ طلبہ کے ساتھ ساتھ والدین کی اصلاح و تربیت کو بھی خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت وقتاً فوقتاً ملک کے ممتاز علماء کرام اور ماہرینِ تعلیم کو مدعو کیا جاتا ہے۔
الحمدللہ اس سال بھی حضرت مولانا حذیفہ صاحب وستانوی دامت برکاتہم، حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم، حضرت مولانا خالد بیگ ندوی صاحب دامت برکاتہم، حضرت مولانا غیاث احمد اشادی صاحب، حضرت مولانا انیس احمد آزاد بلگرامی قاسمی صاحب، محترم جناب حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب اور دیگر ممتاز علماء کرام نے ادارہ کی زیارت فرمائی اور طلبہ، اساتذہ اور والدین کے لیے قیمتی بیانات اور تربیتی پروگرام پیش کیے۔
حراء فاؤنڈیشن اسکول کی ایک اور نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ ادارہ ملک کے ممتاز عصری تعلیمی ادارہ “ایم ایس کریئیٹو، حیدرآباد” سے باضابطہ طور پر اسوسی ایٹ ہے۔ الحمدللہ ایم ایس کریئیٹو کی ماہر ٹیم سال میں کئی مرتبہ ادارہ کا دورہ کرتی ہے، جہاں اساتذہ کی خصوصی ٹریننگ، طلبہ کی تعلیمی و نفسیاتی رہنمائی اور والدین کے لیے موٹیویشنل و تربیتی پروگرامس منعقد کیے جاتے ہیں۔ ماہرینِ تعلیم کی ان مسلسل رہنمائیوں کی وجہ سے ادارہ میں جدید تدریسی نظام، بہتر تعلیمی ماحول اور معیاری تعلیم کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔
الحمدللہ آئندہ تعلیمی سال کے لیے بھی ایک جدید، معیاری اور بہترین تعلیمی نظام کو منتخب کیا گیا ہے۔ ایم ایس کریئیٹو کی مشاورت سے “MYJO Curriculum” کو اختیار کیا جا رہا ہے، جو NEP اور CBSE Method کے مطابق خالص اسلامی اقدار اور جدید تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ ان شاء اللہ آئندہ سال اسی جدید نصاب، معیاری تدریسی طریقہ اور اسلامی ماحول کے ساتھ تعلیمی سفر کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم، کمپیوٹر ایجوکیشن، انگلش اسپوکین، شخصیت سازی، علماء کی نگرانی میں قرآن کریم کی درست تجوید کے ساتھ تعلیم اور طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کا مضبوط نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ الحمدللہ اس سال بھی Nursery سے لے کر Tenth Class تک لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ اور منظم کلاسس کا بہترین انتظام موجود ہے۔
تعلیم کے ساتھ ساتھ ادارہ میں ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ ہر سال سیرت کوئز کمپٹیشن، سائنس کمپٹیشن، میتھس کمپٹیشن، آرٹس اینڈ گراف کمپٹیشن، جنرل اسلامک نالج کمپٹیشن اور سیرت النبی ﷺ پروگرامس بڑے اہتمام کے ساتھ منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں طلبہ و طالبات شوق و ذوق کے ساتھ حصہ لیتے ہیں، جبکہ کامیاب طلبہ کو علماء کرام اور معزز مہمانوں کے ہاتھوں انعامات سے نوازا جاتا ہے۔
الحمدللہ ادارہ میں شہر اور اطراف و اکناف کے دیہاتوں سے آنے والے طلبہ و طالبات کے لیے بہترین ٹرانسپورٹ سہولت بھی موجود ہے، جس کی وجہ سے دور دراز علاقوں کے والدین بھی اطمینان کے ساتھ اپنے بچوں کو اس ادارہ میں داخل کروا رہے ہیں۔
حراء فاؤنڈیشن اسکول انتظامیہ نے اہلِ شہر اور سرپرستانِ طلبہ سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل، بہترین اخلاقی تربیت، اسلامی ماحول اور معیاری عصری تعلیم کے لیے حراء فاؤنڈیشن اسکول کا انتخاب فرمائیں۔ الحمدللہ داخلے جاری ہیں اور روزانہ اسکول آفس کھلا رہتا ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ادارہ کو مزید ترقی، استحکام اور قبولیت عطا فرمائے، اسے ملت و قوم کے لیے نافع بنائے اور اس سے وابستہ تمام ذمہ داران، اساتذہ، معاونین اور طلبہ و طالبات کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔ آمین۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے