ڈاکٹر انجم شکیل احمد کی بیدر آمد، سرکاری اردو اسکول کے طلبہ سے خطاب
بیدر۔ 2؍جولائی (پریس ریلیز): شاعروادیب ڈاکٹر انجم شکیل احمد کی آج 2؍جولائی کو بیدر آمد کے موقع پر سرکاری اردو ہائیرپرائمری اسکول ، فیض پورہ بیدر میںایک استقبالیہ تقریب کاانعقاد اسکول کی جانب سے عمل میں آیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انجم شکیل احمد نے طلبہ سے کہاکہ ’’آپ پڑھیں گے تو قابل بنیں گے ۔ اپنی تعلیم کوجاری رکھیں۔ ٹھیلہ بنڈی یااس قسم کے دیگر کام سے نجات کاذریعہ تعلیم ہی ہے۔ یادرکھیں آپ کو آگے چل کر پروفیسر بنناہے ، انجینئر اور سائنسدان بنناہے۔لہٰذا تعلیم کے ذریعہ آگے بڑھیں ۔ ڈاکٹر انجم شکیل نے کہاکہ آج میراپیغام یہی ہے کہ کسمپرسی کے باوجود تعلیم کے حصول کے ذریعہ آگے بڑھنا ہی حقیقی معنی میں کوشش ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کوشش کی آپ کو توفیق دے آمین۔
پروگرام کاآغاز طالبہ سمیہ کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ ایک طالبہ نے حمد اور دوسری طالبہ نے نعت شریف پیش کی۔ بیدر کے دواردو شاعر جناب سید لطیف خلش اور میرؔبیدری نے اپنااپناکلام پیش کیاجس سے طلبہ کافی محظوظ ہوئے۔ پروگرام کی کارروائی جناب عبدالسلیم اسد مؤظف میرمعلم نے چلائی ۔ مذکورہ اسکول کی تمام ٹیچرس تقریب میں شریک رہیں۔ بعدازاں طلبہ میں بیاگ ، نوٹ بکس ، ٹفن باکس ، ٹفن کور، پین ، پنسل ، شارپنر ، وغیرہ تقسیم کئے گئے
