طلبہ کو حفظِ قرآن میں استقامت اور اخلاص کی تلقین
نوگڑھ، سدھارتھ نگر (عبدالرشید سلفی): مرکز آفاق لتحفیظ القرآن الکریم، مہدئیا، نوگڑھ میں بعد نمازِ مغرب ایک روح پرور دعوتی و تربیتی پروگرام منعقد ہوا، جس کی صدارت ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے امیر فضیلۃ الشیخ محمد ابراہیم مدنی حفظہ اللہ نے فرمائی، جب کہ نظامت کے فرائض مرکز کے ناظم جناب مولانا رفیع احمد ندوی حفظہ اللہ نے نہایت خوش اسلوبی اور عمدگی سے انجام دیے۔
پروگرام کا آغاز مرکز کے طالب علم حافظ محمد سلیمان کی پرسوز اور دل نشیں تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد صدرِ مجلس شیخ محمد ابراہیم مدنی حفظہ اللہ نے اپنے صدارتی خطاب میں مرکز کا دورہ کر کے خوشی کا اظہار کیا اور ادارے کے ذمہ داران کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مرحوم الحاج آفاق احمد رحمہ اللہ کی دینی، تعلیمی اور رفاہی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مخلص افراد کی قائم کردہ دینی یادگاریں صدقۂ جاریہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ و اساتذہ کو ان کی عظیم ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے اہلِ علم کے بلند مقام و مرتبہ کو کتاب و سنت کی روشنی میں بیان کیا۔
اس موقع پر سعودی عرب کے شہر دمام کی ایک مسجد کے امام، جامعہ سلفیہ بنارس کے فاضل، حافظ و قاری شیخ عبدالوحید سلفی حفظہ اللہ نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو اخلاص کے ساتھ دینی تعلیم اور حفظِ قرآن حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے حفاظِ کرام کے فضائل، حفظ و تلاوت کے اصول، تجوید کی اہمیت اور ایک بہترین قاری بننے کے عملی آداب بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ حفظِ قرآن ایک عظیم سعادت ہے، اس لیے شیطان ہر ممکن کوشش کرتا ہے کہ طالبِ علم کو اس راہ سے ہٹا دے، لہٰذا ثابت قدمی، محنت اور اللہ تعالیٰ پر توکل کے ساتھ اس عظیم مشن کو جاری رکھنا چاہیے۔
پروگرام سے ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظمِ اعلیٰ مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی حفظہ اللہ نے بھی خطاب فرمایا۔ انہوں نے مرکزِ آفاق کے ناظم مولانا رفیع احمد ندوی حفظہ اللہ کے اخلاص، انتھک محنت، حسنِ انتظام اور دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس مبارک دینی مرکز کے قیام و فروغ پر انہیں دلی مبارک باد پیش کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے قرآنِ مجید کی عظمت، حفاظِ کرام کے مقام و ذمہ داری اور مرکزِ آفاق کی تعلیمی و تربیتی خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ،؛ محنت، لگن اور یکسوئی کے ساتھ علمِ دین حاصل کریں، قرآنِ کریم کو اپنے سینوں میں محفوظ کرنے کے ساتھ اس کے مطابق اپنی زندگی بھی سنواریں، ادارے کے نظم و ضبط اور املاک کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں، باعمل حافظِ قرآن اور باکردار عالم بننے کی کوشش کریں، اور پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کو اپنی زندگی کا مستقل معمول بنائیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہی طلبہ مستقبل میں ملت و معاشرے کی دینی رہنمائی کا فریضہ انجام دیں گے۔
اس کے بعد ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے نائب ناظم مولانا سعود اختر سلفی حفظہ اللہ نے خطاب کرتے ہوئے مرکز کے مہتمم کے والد مرحوم الحاج آفاق احمد رحمہ اللہ کی دینی خدمات، سخاوت، فیاضی اور علم دوستی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم نے دینی لٹریچر کی اشاعت میں بھی نمایاں کردار ادا کیا اور ان ہی کے تعاون سے ان کے والد محترم مولانا عبدالمنان سلفی رحمہ اللہ کی کتاب "تحفۂ رمضان” شائع ہو سکی۔ انہوں نے شعبۂ حفظ کے طلبہ کو محنت، استقامت اور حسنِ اخلاق اختیار کرنے کی تلقین کی، جب کہ اساتذۂ کرام کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
پروگرام میں جمعیت اہلِ حدیث،حلقہ شہرت گڑھ کے نائب ناظم مولانا عبدالرشید سلفی حفظہ اللہ، نیز حماد ابراہیم اور حماد عبدالمنان سمیت جمعیت کے وفد نے شرکت کی۔ مرکز آفاق کے اساتذہ، طلبہ اور مقامی باشندوں کی بڑی تعداد بھی موجود رہی، جنہوں نے نہایت سنجیدگی اور نظم و ضبط کے ساتھ پروگرام کو کامیاب بنایا۔
آخر میں مرکز کے ناظم مولانا رفیع احمد ندوی حفظہ اللہ نے تمام علماء، مہمانانِ کرام اور شرکائے مجلس کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام کے بعد مولانا رفیع احمد ندوی حفظہ اللہ کے دولت کدےپر ضلعی جمعیت اہلِ حدیث،سدھارتھ نگر کے وفد کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ خوشگوار ماحول میں عشائیہ کے بعد تمام مہمان باہمی دعا و خیرسگالی کے ساتھ اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔
اللہ تعالیٰ اس ادارے کو مزید ترقی عطا فرمائے، اسے قرآنِ کریم کی خدمت کا مضبوط مرکز بنائے اور تمام معاونین و ذمہ داران کی کاوشوں کو شرفِ قبولیت سے نواز ے۔ آمین۔
