جمعیتِ اہلِ حدیث ضلع سدھارتھ نگر کی ایک قابلِ قدر قرآنی پہل
از:مولانا جاوید سعیدی سنابلی
استاذ ضیاء نسواں کالج، کسہٹا، سدھارتھ نگر
________________
یہ امر کسی تعارف کا محتاج نہیں کہ جمعیتِ اہلِ حدیث ضلع سدھارتھ نگر اپنی ہمہ جہت دینی، تعلیمی اور اصلاحی سرگرمیوں کے باعث ملک کی نمایاں ضلعی جمعیتوں میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہے۔ اگرچہ اس کا تعلق انتظامی اعتبار سے ایک ضلع سے ہے، لیکن اس کی خدمات کا دائرہ ضلع کی حدود سے کہیں آگے تک پھیلا ہوا ہے۔ الحمد للہ۔
جمعیت کی امتیازی شناخت یہ ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً ایسے منفرد اور بامقصد پروگرام منعقد کرتی رہتی ہے جو اپنی افادیت اور اثر انگیزی کے اعتبار سے قابلِ تقلید ہوتے ہیں۔ سالانہ تعلیمی مظاہرہ، مختلف مقامات پر جمعہ کے لیے دعاۃ و مبلغین کی ٹیموں کی روانگی، متعدد مفید کتابوں اور سالانہ کیلنڈر کی اشاعت، نیز ناظمِ جمعیت مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی حفظہ اللہ کی علمی و دعوتی تصانیف کی اشاعت، اسی مبارک سلسلے کی روشن کڑیاں ہیں۔
اسی تسلسل میں جمعیت کی تازہ ترین اور نہایت اہم کاوش مسابقۂ حفظ و تجویدِ قرآنِ کریم کا انعقاد ہے۔ یہ محض ایک انعامی مقابلہ نہیں، بلکہ نئی نسل کے دلوں میں قرآن سے مضبوط تعلق، حفظِ قرآن میں پختگی اور تجوید کی درستی پیدا کرنے کی ایک سنجیدہ اور دور رس کوشش ہے۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ بچے جن کے سینوں کو اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم کی نعمت سے منور فرمایا ہے، وہ اسے محض حفظ تک محدود نہ رکھیں، بلکہ اس کی مسلسل مراجعت کریں، اپنے حفظ کو مضبوط بنائیں اور اپنی عملی زندگی کو بھی قرآن کی تعلیمات کا آئینہ دار بنائیں۔ قرآن صرف یاد کرنے کی کتاب نہیں، بلکہ زندگی سنوارنے اور امت کی قیادت کرنے والی کتاب ہے۔
جب مسابقہ قرآنِ مجید سے متعلق ہو، جس کی عظمت و رفعت بے مثال ہے، اور اس کا مقصد نئی نسل کو کتابِ الٰہی سے جوڑنا ہو، تو اس کی اہمیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ یہی بچے کل کے معمارِ قوم، داعیانِ حق اور امت کے رہنما ہیں۔
«انہیں بچوں کو اپنی قوم کا معمار بننا ہے
بڑے ہو کر انہیں ہی قافلہ سالار بننا ہے۔»
اس مبارک کوشش کے پس منظر میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے بعد جمعیت کے ذمہ داران، خیر خواہوں اور معاونین کی مخلصانہ جدوجہد شامل ہے۔ خصوصاً امیرِ جمعیت، شیخ محمد ابراہیم مدنی حفظہ اللہ، اور ناظمِ جمعیت، مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی حفظہ اللہ، مبارک باد اور دعاؤں کے مستحق ہیں، جن کی بصیرت افروز رہنمائی اور مسلسل محنت اس نوعیت کی کامیاب سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ ولا أزكي على الله أحدًا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس قرآنی مسابقے کو ہر اعتبار سے کامیاب فرمائے، اسے نئی نسل کے لیے قرآنِ کریم سے مضبوط وابستگی کا ذریعہ بنائے اور اس کے دیرپا اور مبارک اثرات پوری ملت میں ظاہر فرمائے۔ آمین۔
