ظہیرآباد-26 اگست (نمائندہ): ظہیر آباد میں عظیم الشان جلوسِ محمدی ﷺ کا پُروقار اور پُرامن انعقاد عمل میں آیا۔ جلوس کا آغاز سید شاہ افسر پاشاہ قادری صاحب، صدر تنظیمِ اہلِ سنت والجماعت، کی جانب سے جھنڈی دکھا کر کیا گیا۔
جلوس کی نگرانی سید محیب الدین قادری بابا صاحب، صدر میلاد کمیٹی، نے انجام دی۔ جلوس میں عاشقانِ رسول ﷺ نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے بھرپور عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
جلوس کے موقع پر پولیس کی جانب سے بھی موثر حفاظتی و ٹریفک انتظامات کیے گئے تھے۔ مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں و شخصیات نے جلوس میں شرکت کی۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا نہایت نظم و ضبط اور پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر میلاد کمیٹی کی جانب سے ہر سال کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خون عطیہ کیمپ بھی قائم کیا گیا، جس میں 150 سے زائد افراد نے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ پیش کیا۔ منتظمین نے خون عطیہ کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایک قابلِ تحسین انسانی خدمت قرار دیا۔
جلوس کے اختتام پر ملک و ملت، امن و سلامتی اور انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں اورآخر میں سید شاہ فرحان قادری بغدادی نے محکمہ پولیس محکمہ بلدیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر تعاون کیا۔۔۔۔
