طلبہ نے تخلیقی ماڈلز اور پوسٹروں کے ذریعے سیرتِ رسول ﷺ کو اجاگر کیا،
ذوالقرنین احمد
چکھلی، ضلع بلڈانہ: اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او)، چکھلی کی جانب سے منعقدہ سیرت النبی ﷺ ایکسپو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس ایکسپو میں طلبہ نے پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ، اخلاق و کردار اور تعلیمات کو مختلف تخلیقی ماڈلز، پوسٹروں اور دیگر پیشکشوں کے ذریعے اجاگر کیا۔
یہ پروگرام 13 اکتوبر 2026ء کو حضرت خیراللہ شاہ بابا درگاہ ہال، بابو لاج چوک، چکھلی، ضلع بلڈانہ میں منعقد ہوا۔ ایکسپو کا بنیادی مقصد طلبہ اور عوام کو سیرتِ نبوی ﷺ سے روشناس کرانا اور آپ ﷺ کی زندگی، اخلاقِ حسنہ اور تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دینا تھا۔
ایکسپو میں طلبہ کی جانب سے تیار کردہ مختلف ماڈلز اور پوسٹروں کے ذریعے سیرتِ رسول ﷺ کے مختلف پہلوؤں کو پیش کیا گیا۔ اس سرگرمی نے طلبہ کو اپنی علمی، تخلیقی اور پیش کش کی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا، جبکہ سیرتِ نبوی ﷺ کے مطالعے اور اس کی عملی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
اس ایکسپو میں اسکول و کالج کے طلبہ نے مختلف ماڈلز کے ذریعے غزوۂ بدر، غزوۂ اُحد، غزوۂ خندق، ہجرتِ مدینہ، مسجدِ قباء، واقعۂ طائف، اسلام کی پہلی جنگ اور مدینہ منورہ کی تاریخی منڈی جیسے اہم واقعات اور مقامات کو نمایاں کیا۔ طلبہ نے نہ صرف بہترین انداز میں ماڈلز پیش کیے بلکہ ان کے ذریعے تاریخی واقعات سے متعلق معلومات بھی فراہم کیں۔ چکھلی اور اطراف کے اسکولوں و کالجوں کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور سیرت ایکسپو سے استفادہ کیا۔ اس موقع پر مرد و خواتین کے علاوہ مہمانِ خصوصی چکھلی میونسپل کونسل کے صدر پنڈت دادا دیشمکھ نے بھی شرکت کی اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ سیرت ایکسپو کو کامیاب بنانے میں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) کی پوری ٹیم نے انتھک محنت کی۔
پروگرام کے انعقاد کے ذریعے نوجوان نسل میں سیرتِ نبوی ﷺ سے دلچسپی پیدا کرنے اور اخلاقی و سماجی اقدار کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی۔ سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں اور اسلامی تاریخ سے نئی نسل کو روشناس کرانے کے مقصد سے منعقدہ سیرت ایکسپو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
