کیرالا کے ماہر ہائیجین فزیشین ڈاکٹر پی اے کریم کے مفید مشورے

ظہیرآباد 14/ اکتوبر (مشرقی آواز جدید): جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد نارتھ کے زیر اہتمام آج اسلامک سنٹر (مرکز اشاعت اسلام )متصل مسجد راشدہ اسد لطیف روڈ ظہیر آباد میں ایک خصوصی شعور بیداری لیکچر بعنوان "نیچروپتھی سے علاج دواوں سے نجات ” کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس لیکچر کے مہمان خصوصی کیرالا کے مشہورو معروف نیچروپیتھ ڈاکٹر پی اے کریم، چیف فزیشن ہائیجین نیچر کیور ہاسپٹل کالیکٹ نے "نیچروپیتھی کے ذریعے ادویات سے نجات کیسے حاصل کریں” کہ موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے فرمایا "اللہ تعالیٰ نے انسان کے جسم میں خود شفا کا نظام رکھا ہے۔ ہم غلط غذا، بے وقت کھانا، رات دیر تک جاگنا اور ٹینشن سے اس نظام کو خراب کر دیتے ہیں۔ پھر عمر بھر دوائیں کھاتے ہیں۔ نیچروپیتھی اسی فطری نظام کو واپس بحال کرتی ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ آج 90 فیصد لوگ بلڈ پریشر، شوگر، موٹاپا اور جوڑوں کے درد میں مبتلا ہیں۔ اس کی بڑی وجہ پیٹ کی خرابی اور قبض ہے۔ اگر ہم صبح اٹھ کر 3 گلاس پانی، دن میں 70 فیصد کچا کھانا (پھل اور سلاد) اور روزانہ 45 منٹ پیدل چلیں تو 6 ماہ میں اکثر دوائیں چھوٹ جائیں گی۔ انہوں نے مٹی کی پٹی، پانی کی پٹی اور دھوپ سے علاج کے طریقے بھی بتائے اور کہا کہ "غذا ہی دوا ہے۔ آخر میں سوالات کے تشفی بخش جوابات بھی دیئے گئے۔
آج کے پروگرام کا آغاز محمد عدنان کی تلاوت وترجمانی سے ہوا تنظیمی سیکریٹری سید امتیاز نے افتتاحی کلمات اداکئے محمد ناظم الدین غوری ناظم ضلع سنگاریڈی مغرب نے اظہار خیال فرمایا محمد قیصر غوری امیر مقامی نے اختتامی کلمات ادا کئے اور اظہار تشکر بھی پیش کیا  اس کی نظامت محمد معین الدین معاون  ناظم ضلع سنگاریڈی مغرب نے کی اس موقع پر معززین شہر مرو وخواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے