صفی الرحمن صفی

پپرا مرغہوا اٹوا بازار سدھارتھنگر یوپی 

نہ تو سن سکے، نہ سمجھ سکے، مرا درد کتنا کمال تھا

وہاں عمر ہم نے گزار دی، جہاں سانس لینا محال تھا

نہ کسی کے لب پہ سوال تھا، نہ کسی کو حق کا خیال تھا

جو امیرِ شہر کے ساتھ تھا، وہی ہر ادا میں مثال تھا

وہ غریب بھوک سے مر گیا اسے کون پوچھنے آئے گا

جہاں نام عدل کا شور تھا وہیں عدل خود ہی وبال تھا

کبھی روٹیوں کی تلاش میں کبھی قرض کے ہی عذاب میں

مرا دن زوال میں کٹ گیا مرا ہر نفس بھی نڈھال تھا

یہاں جھوٹ تخت پہ جا بسا یہاں سچ کو کوئی نہ پوچھتا

جو ضمیر بیچ کے جی گیا وہی سچ میں کمال تھا

نہ وفا رہی، نہ حیا رہی، نہ مروّتوں کا گزر رہا

مرے شہر کا، مرے دوستو یہ عجب رنگ و جمال تھا

نہ کسی کو دردِ بشر رہا، نہ کسی کو خوفِ خدا رہا

یہ عجب زمانے کا رنگ تھا ہر ایک چہرہ بےحال تھا

مرا دل صفی بھی عجیب ہے یہ نہ جانتا نہ ہی پوچھتا

جو چلا گیا وہ چلا گیا مرا دل بھی خود میں جلال تھا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے