بیدر۔ 5؍ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): کمال نگر تعلقہ کے قریب واقع گاؤں ہولسمدر کے ساکن جناب خواجہ بندہ نواز نے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بیدرسے اپیل کی ہے کہ وہ ہمارے گھر اور گاؤں کے مسلمانوں کو تحفظ فراہم کریں ۔ کیوں کہ دتو،چندر کانت اور شیو نامی چار افراد نے مل کر میرے والد تاج الدین پٹیل کو اس قدر مارا پیٹا ہے کہ انہیں بیدر کے بریمس اسپتال میں شریک کیاگیاہے۔ ان کے تین دانت توڑ دیئے گئے ہیں۔ ان کے منھ اور ناک سے خون بہہ رہاہے۔ ڈاکٹر کہہ رہے ہیں کہ ان کے بہتر علاج کے لئے حیدرآباد لے جانا پڑے گا۔

مذکورہ چاروں افراد ہولسمدر ہی کے ہیں۔ پولیس نے ان کے خلاف کیس رجسٹرڈ کرلیاہے لیکن ہلکی دفعات لگائی گئی ہیں۔ جبکہ میرے والد بات کرتے کرتے بے ہوش ہوجاتے ہیں۔ موصوف نے بتایاکہ میں بیدر کے ایس پی صاحب کے پاس گیاہواتھالیکن وہ مجھے نہیں ملے، کسی دفتری کام میں باہرتھے۔ میں اپنے والد ہی نہیں پورے گاؤں کے تحفظ کے لئے اپیل کرتاہوں۔ پولیس نے مذکورہ افراد کوگرفتار نہیں کیاہے۔ اور ان لوگوں نے دھمکی دی ہے کہ ہمیں نہیں چھوڑیں گے بلکہ گاؤں میں مسلمان ہیں ہی کتنے؟ کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔

اس موقع پر گاؤں کی مسجد کے اراکین اورہولسمدر کے رہائشی بھی خواجہ بندہ نواز کے ساتھ موجودتھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے