لکھنؤ۔گزشتہ کل دار العلوم ندوۃ العلماء کے کلیۃ الشریعۃ کے صدر اور سینئر استاذ حدیث مولانا محمد زکریا سنبھلی ندوی کی اہلیہ امۃ الرحمن کوثر صاحبہ کا صبح سات بجے انتقال ہو گیا ، نماز ظہر میں مسجد دار العلوم میں اجتماعی دعائے مغفرت کی گئی ، ان کی نماز جنازہ دار العلوم ندوۃ العلماء کے احاطہ میں مرحومہ کے بڑے صاحبزادے مولانا یحی نعمانی ندوی کی امامت میںنماز عصر کے بعد ادا کی گئی، اور تدفین عیش باغ قبرستان میں ہوئی۔
مرحومہ ایک عرصہ سے بیمار تھیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ کھدرا( مدح گنج ، لکھنؤ ) میں مقیم تھیں ، علاج و معالجہ اور خدمت میں کوئی کسر نہیںرکھی گئی کہ وقت موعود آپہونچا ، اور وہ اللہ کو پیاری ہو گئیں ۔ مرحومہ مشہور عالم دین حضرت مولانا محمد منظور نعمانی کی صاحبزادی تھیں اورمشہور عالم دین مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی ندوی کی ہمشیرہ تھیں ، ان کا عقد مولانا محمد زکریا سنبھلی ندوی سے ہوا ، ماشاء اللہ ان کو اللہ تعالی نے دو صالح اولاد عطا فرمائی ، جو مولانا یحی نعمانی ( ناظم دار العلوم صفہ)، اور مولانا احمد الیاس نعمانی( استاذ مدرسہ سیدنا بلا ل لکھنؤ) ہیں ، دونوں ماشاء اللہ علم و عمل میں مشغول ہیں ۔ انتقال کے وقت مرحومہ کی عمر ۷۵سال تھی۔
انتقال کی خبر سنتے ہی اہل تعلق کھدرا پہونچنے لگے ، ندوۃ العلماء کے ناظم مولانا سید بلال عبد الحی حسنی ندوی نے مولانا محمد زکریا سنبھلی کی خدمت میں تعزیت پیش کی ،اور ان کی رحلت کو ایک ذاتی حادثہ قرار دیا ،اوراپنے بیان میں کہاکہ : مرحومہ ایک نیک خاتون تھیں،حضرت مولانا محمد منظور نعمانی کی صاحبزادی تھیں ،اللہ تعالی نے ان کو متعدد خوبیاں عطا فرمائی تھیں ، وہ بڑی صابرہ و شاکرہ خاتون تھیں،اولاد کی تربیت پرپوری توجہ دی۔
ندوۃ العلماء کی طرف سے تعزیت پیش کرنے والوں میں ناظر عام ندوۃ العلماء مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی ، مولانا عبد العزیز ندوی بھٹکلی ، مولانا عتیق احمد بستوی ، مولانا محمد خالد ندوی غازیپوری ، مولانا مفتی نیاز احمد ندوی ، حافظ عتیق احمد طیبی وجمیع اساتذہ و طلباء اور اہالیان شہر قابل ذکر ہیں ۔
