حالات کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے احتیاط سے زندگی گزاریں
بیدر۔ 11؍ستمبر (پریس نوٹ): کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن بیدر کاا یک جلاس آج بعدنماز جمعہ ایم آرپلازا، تعلیم صدیق شاہ بیدر میں منعقدہوا۔ جس کی صدارت محمدیوسف رحیم بیدری صدر کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن بیدر نے کی ۔ اس اجلاس میں بیدر میں اردو اور دیگرزبانوں کی صحافت کی صورتحال ،صحافیوں کی اسوسی ایشن اور اس سے متعلق صحافیوں کی سرگرمیاں ، شہر میں ہونے والی سیاست دانوں کی مختلف سرگرمیوں کامعاشرے پر اثرکے علاوہ وزارت اوقاف کرناٹک کے بیدر میں گرلز کالجس کھولنے سے متعلق بات چیت ہوئی ۔سرکاری گرلز کالج کے آغاز کوحکومت کی جانب سے ایک مثبت پیش رفت سمجھاگیا۔ دوسری جانب اس بات کوبھی محسوس کیا گیا کہ صحافیوں کی سماجی بہبودی کے کام کوشک کی نظر سے دیکھنے کی کوشش کی جاتی ہے جو بالکل غلط ہے۔
اس بات کو شدت سے نوٹ کیاگیاکہ صحافیوں سے متعلق بہت سی غیرغلط افواہیں پھیلائی جاتی ہیں، جن میں سچائی نہیں ہوتی۔ سماج کوچاہیے کہ وہ صحافت سے قربت اختیار کرے۔ صحافت جمہوریت کاچوتھاستون ہے۔ اور یوں بھی کوئی طبقہ یاقوم یاکوئی علاقہ صحافت سے تعاون لئے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔جناب محمد فراست عرف عمران خان سکریڑی ، مولانا محمد افسرعلی نعیمی ندوی معاون خازن اور رکن اسوسی ایشن سراج الحسن شادمان نے طلبہ وطالبات سے صحافیوں کی ملاقات کو آج کی ضرورت قرار دیاتاکہ بیدر میں بھی صحافت پروان چڑھے اور صحافت سے طلبہ کی قربت رہے۔
آخری بات یہ کہی گئی کہ ملک کے حالات دگرگوں ہیں۔ ان پرقابوپانے کے لئے مسلمانوں کو اور ان کے نوجوانوں کومثبت کام کرنا ہوگا۔ مثبت کام کے ذریعہ ہی حالات کواپنے حق میں کیاجاسکتاہے۔ لہٰذا محتاط رہے۔ فضول کے سفراور فضول کی بیان بازی سے پرہیز کریں۔ مولاناافسرعلی نعیمی ندوی کی تلاوت کلام پاک سے اجلاس کاآغازہوااور ان ہی کی دعا پر اجلاس اپنے اختتام کوپہنچا۔ آئندہ کا اجلاس 26؍اکٹوبر کو ہوگا ان شاء اللہ۔
