(عبدالمبین منصوری)
سدھارتھ نگر: سدھارتھ نگر تھانہ کے تحت میونسپل کونسل سدھارتھ نگر کے محلہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نگر (ششہنیا) میں ایک بوڑھا شخص جیسے ہی اپنے گھر سے باہر نکلا صبح تقریباً 6 بجے اچانک ایک سانڈ نے اس پر حملہ کر دیا اور اسے سینگ سے اٹھا کر پھینک دیا جس کی وجہ سے اسے شدید چوٹیں آئیں اور وہ لہو لہان ہو گیا جس کی وجہ سے اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
اس واقعہ کی وجہ سے قرب و جوار کے لوگوں میں خوف و ہراس کا ما حول ہے اور انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے لوگ سخت پریشان اور ناراض بھی ہیں۔

(خونی سانڈ جس کے حملے سے شخص کی موت ہوئی)
شہر میں گھومنے والے آوارہ جانوروں کی وجہ سے شہریوں کی جان و مال کو مسلسل خطرات لاحق ہوتا ہے۔ ایسے واقعات اکثر و بیشتر دیکھنے کو مل جاتے ہیں۔ سڑکوں پر گھومنے والے آوارہ جانوروں کی وجہ سے تمام طرح کی گاڑیوں کا چلنا مشکل ہو جاتا ہے اور شہری بھی ٹریفک جام کے مسئلے سے حیران اور پریشان ہو جاتے ہیں۔ آوارہ جانوروں کی دہشت کی وجہ سے دیہات میں کسانوں کو اپنے کھیتوں کی حفاظت کے لیے پوری رات جاگنا پڑتا ہے۔ ایسے میں انتظامیہ شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے کتنا سنجیدہ ہے؟ اس واقعے کے بعد انتظامیہ اور شہریوں کے سامنے ایک سوالیہ نشان ہے جس پر قابو پانا انتظامیہ کے لیے چیلنج ہے۔
