ہمالیہ کی بلند ترین چوٹی سے مجلہ الفجر کا طلوع
سہارنپور(احمد رضا): محمد رضا القادری المصباحی النقشبندی بانی و رئیس التحریر مجلہ الفجر ( سربراہ اعلیٰ علما کونسل نیپال) نے ایک گفتگو کے دوران آج بتایا ہے کہ ہمارے دلوں میں خوشی اور مسرت کے گہرے چشمے پھوٹ رہے ہیں کہ ہم نے ایک انتہائی منفرد اور شاندار عربی ثقافتی ماہنامہ جاری کیا ہے، جس کا نام "الفجر” رکھا گیا ہے یہ مجلہ نیپال، جو بلند ترین پہاڑوں کی سرزمین ہے اس کے افق پر ایک تابناک ستارے کی مانند نمودار ہو رہا ہےاس کی سنہری کرنیں ہمالیہ کی فضاؤں کو روشن کرتے ہوئے وہاں کے اندھیروں کو دور کر رہی ہیں اور تہذیب و ثقافت کی ایک نئی صبح کا آغاز کر رہی ہیں۔
عالم دین مولانا محمد رضا قادری مصباحی نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے واضع کیا کہ یہ بات نہایت حیرت انگیز اور خوش آئند ہے کہ "عربی صحافت کا چراغ نیپال جیسے ملک سے روشن ہو رہا ہے” جو قدرتی حسن، قدیم تہذیب، بلند ترین چوٹیوں، برف پوش پہاڑوں اور عظیم عوام کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے ہمالیہ کے برفیلے دامن میں واقع یہ سرزمین اونچے پہاڑوں اور ہموار وادیوں سے مزین ہے اگر سچ بتاؤں تو دینی، علمی، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی میدانوں میں یہ ملک ابھی بہت پیچھے ہے اور اسلامی و عربی تہذیب سے کافی حد تک دور ہے اس لئے کار خیر اور دینی تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت تھی شکر خدا ہے کہ اللہ رب العزت وہ کام اپنے بزرگوں اور علماء کرام سے لے رہا ہے حضرت محمد رضا قادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا مجھ پر اور ہم سب پر بے پایاں فضل و کرم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے میرے دل میں یہ خیال پیدا کیا کہ ایک ایسا عربی ماہنامہ جاری کیا جائے، جو نیپال کے مسلمانوں کی آواز بنے، ان کے خیالات و احساسات کو پیش کرے اور انہیں دنیا کے اسلامی و عرب ممالک سے جوڑنے کا ذریعہ بنے میں نے اپنی محدود علمی و عملی استطاعت کے باوجود، اللہ تعالیٰ کی مدد اور نبی اکرم ﷺ کی وساطت سے اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے شب و روز محنت کی۔ ان ماہرینِ قلم اور اہلِ دانش سے رجوع کیا جو عربی زبان و ادب میں مہارت رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے، چند ہفتوں کی انتھک محنت کے بعد، یہ مجلہ اپنی منفرد ترتیب، اعلیٰ معیار، اور پرکشش انداز کے ساتھ قارئین کے ہاتھوں تک پہنچنے کے قابل ہوا اس مجلے کے اجراء کا بنیادی مقصد عربی زبان کی ترویج و ترقی ہے، خصوصاً نیپال اور دیگر غیر عرب ممالک میں۔ یہ مجلہ نوجوان قلمکاروں کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم ہوگا، جو انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور عربی زبان میں مہارت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہ نیپال کے علماء و ادباء کی خدمات کو دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا، جنہوں نے تفسیر، حدیث، فقہ، قرآن کریم، اور دیگر اسلامی علوم میں نمایاں کام کیا ہے یہ مجلہ نیپال سے شائع ہونے والا پہلا عربی زبان کا ثقافتی، ادبی اور علمی پلیٹ فارم ہے۔ یہ مختلف سیاسی، سماجی، فکری، اور تہذیبی موضوعات پر اسلامی نقطہ نظر سے روشنی ڈالے گا اور اسلام کے حقیقی پیغامِ عدل و اعتدال کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا !
مسلمانوں کے مسائل پر توجہ…… یہ مجلہ امت مسلمہ کو درپیش موجودہ مسائل و چیلنجز کو حل کرنے کے لیے نہ صرف تجاویز پیش کرے گا بلکہ امن، ترقی، اور خوشحالی کے راستے بھی متعین کرے گا۔ دنیا کے تمام انسانوں کو جنگ و جدل سے نکال کر امن و آشتی کی فضا میں لے جانے کا ذریعہ بنے گا! آمین ہم دعا گو ہیں کہ "الفجر” اسلام کے نور سے روشن ہو کر علم و حکمت کا چراغ بنے اور اہلِ دانش و فکر کے درمیان ایک نئی صبح کا پیامبر ثابت ہو۔ آخر میں، ہم اللہ تعالیٰ کا تہہ دل سے شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں یہ عظیم خدمت سرانجام دینے کی توفیق دی اور کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ہم ان تمام احباب کا بھی شکر گزار ہیں، جنہوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے میں ہماری مدد کی!
