مہراج گنج :گزشتہ روز پیر طریقت ،عالم ربانی، مولانا لیاقت علی صاحب قاسمی خلیفۂ اجل ولی کامل مولانا منیر احمد صاحب رحمہ اللہ کالینا ممبئ کی ویرعبدالحمید نگر ( گبڑوا) شہر مہراجگنج میں تشریف آوری پر مولاناسراج احمد قاسمی کی سعی سے جامع مسجد گبڑوا میں ایک اصلاحی تقریب منعقد کی گئی۔ مولانانسیم احمد صاحب قاسمی امام وخطیب مکھیالیہ مسجد کی صدارت اور فاضل نوجوان شیریں بیاں اناونسر مولانا اشفاق اللہ خان ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اس اصلاحی تقریب کا آغاز معراج احمد سلمہ متعلم مدرسہ مرکزی دارالعلوم گبڑواکی تلاوت کلام اللہ سے ہوا اور ھدیہ نعت رسول مدرسہ ہذا کے متعلم محمد ارمان نے پیش کیا، مہمان معظم کی آمد سعید پر پروگرام کے کنوینر مولانا سراج احمد قاسمی نے استقبالیہ پیش کیا۔
مہمان خصوصی نے اپنے پرسوز خطاب میں فکر آخرت کی طرف سامعین کو توجہ دلاتے ہوئے فرمایاکہ :عقلمند انسان وہ ہے جواپنی موت سے پہلے موت کی تیاری کرلےاس لئے کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہےعقلمند آدمی اپنے کھیت سے غلہ پیدا. کرنے کیلئے اس کے اسباب وذرائع کوبروئے کار لاتاہے تاکہ اس کھیت میں غلے کی پیداوار وافر مقدا میں ہو، اگر کویٔ آدمی اپنے کھیت کو ویران چھوڑدے اوراس سے غلہ کی امید کرے تو اس کو سماج میں بیوقوفوں کاسردار کہاجائے گا، اسی طرح دنیا کی زندگی ایک مؤمن کیلئے آخرت کی کھیتی ہے، آخرت میں کامیابی کیلئے دنیا کی زندگی کو اعمال صالحہ سے مزین کرنا پڑے گا، ورنہ آخرت میں ایک بیقوف کسان کی طرح کف افسوس ملناپڑے گا۔
اثناء وعظ مولانا اور سامعین کی آنکھیں آنسوؤں سے نم ہوگئیں، بعدازاں مولانا کی رقت آمیز دعا پر مجلس کا اختتام ہوا، اس اصلاحی تقریب میں شہر مہراج گنج کے ڈاکٹرس، دانشوران علماء خصوصا ڈاکٹر عتیق اللہ۔ ڈاکٹر عبدالحسن۔ حاجی عبداللہ علیگ، حاجی علیم اللہ قانون گو، مولانا انعام الحق قاسمی ، مولانا شفیق الدین قاسمی، مولانا حشمت اللہ قاسمی، مولانا ظہیرالدین ندوی، ماسٹر نورالحسن صدیقی، ماسٹر اکرام الحق، حافظ شاہ عالم اور کثیر تعداد میں فرزندان اسلام شریک ہوئے۔پیر طریقت رہبر شریعت کے ویر عبد الحمید نگر گبڑوا پہنچنے پر نعرہ تکبیر اور پھول مالائیں پہنا کر زبردست استقبال کیا گیا ۔
مذکورہ اطلاع عطاء ایجو کیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا سراج احمد قاسمی نے دی ہے۔ اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔
