ہمناآباد ۔ 4؍جنوری(محمدیوسف رحیم بیدری): والدین کی خدمت کا موقع ملا تو اس کو ہرگز نہ گنوائیں ،یہ بات ہمناآباد کے سابق رکن اسمبلی اور سابق وزیر جناب راج شیکھر پاٹل نے سوامی وویکانند ایجوکیشن سوسائٹی کے بانی مانک اپّا گادا کے 98ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ہ یوم معمرین تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے مزید کہا کہ مانک اپّاگادا نے سیاسی، سماجی اور تعلیمی میدانوں میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ۔گادا خاندان کے لیے یہ بہت خوشی کا موقع ہے ہر کوئی اتنا خوش نصیب نہیں ہوتا کہ اپنے والدین کی خدمت کر سکے،آج میں اپنے والدین کی خدمت کرنا چاہتا ہوں مگر وہ آج دنیاء میں موجود نہیں ہیں۔ آج کی نوجوان نسل کو چا ہئیے کہ وہ اپنے والدین کا احترام کریں۔بھالکی ہیرے مٹھ کے بسوالنگا پٹہ دیورو سوامی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج بزرگوں کی حالت خراب ہوگئی ہے۔ ان کی حالت دیکھ کر مجھے بزرگوں کے لیے آرام گھر بنانے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔ آرام گھر میں تمام سہولتیں ہونے کے باوجود بزرگ احباب اپنے رشتہ داروں کے پیار کو ترس رہے ہیں ،ماں باپ کی خدمت کرنا گویا ایسا ہے جیسے ہم خدا کی عبادت کر رہے ہیں۔تمام بچوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بڑوں کا خیال رکھیں۔اس خصوصی موقع پر ہمناآباد کے سابق رکن اسمبلی سبھاش کلور،ستیش پاٹل،رمیش گادا،انیل پلری،وینکٹیشور جاجی،نارائن رائو جاجی ،دتت کمار چدری کے علاہ کثیر تعداد میں دیگر احباب موجود تھے۔اس بات کی اطلاع جناب سید رضوان قاسمی نے دی ہے۔
