گلبرگہ 14جنوری(محمدیوسف رحیم بیدری): محمد عبدالسعید خسرو (جوائنٹ سیکرٹری الامین ایجوکیشنل سوسائٹی شاخ گلبرگہ و یادگیر)کی اطلاع کے بموجب الامین ایجوکیشنل سوسائٹی شاخ گلبرگہ و یادگیر کے زیر اہتمام سہ روزہ سالانہ الامین بین المدارس مقابلہ جات 11,12اور13جنوری کو تحتانیہ وسطانیہ اور فوقانیہ سطح پرالامین کیمپس جیلان آباد گلبرگہ میں الحاج شیخ محمد ضیاء الدین(وائس چیئرمین الامین ایجوکیشنل سوسائٹی بنگلور) کی سرپرستی میں منعقد کئے گئے جس میں کثیر تعداد میں طلبہ نے حصہ لیا۔13 ؍جنوری کو مقابلہ جات کے تیسرے دن جناب سوریہ کانت مدانی (ڈی ڈی پی آئی گلبرگہ)اور جناب سالار مسعود (اردو ای سی او ڈی ڈی پی آئی آفس گلبرگہ)نے بہ حیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی اور مقابلہ جات میں طلبہ کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ الامین جیلان آباد کی طالبات مہرالنساء بیگم ،عظمی تحسین ،ڈاکٹر ثانیہ تمکین، ڈاکٹر ایمن صبوحی اور کاشفہ تزئین کو اعلی تعلیم میں نمایاں کامیابی پر تہنیت پیش کی گئی۔ ڈاکٹر کوثر پروین(معتمد محفل نساء شاخ گلبرگہ) اور محترمہ اسما ء قدیر(صدر معلمہ نیشنل ہائی اسکول گلبرگہ) نے حکم کے فرائض بہ حسن و خوبی انجام دیئے اور طلبہ کو مقابلوں میں بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور ان کی خوبیوں اور خامیوں کی نشاندہی بھی کی۔13 ؍جنوری کو فوقانیہ سطح پر اردو انگریزی اور کنڑا زبانوں میں تقریر، قوالی ،کوئز اور بیت بازی مقابلوں کا انعقاد عمل میں آیا ۔سہ روزہ مقابلوں میں الامین کے عہدیداران نے شرکت کی اور مقابلہ جات میں شریک طلبہ کی حوصلہ افزائی فرمائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے