مارہرہ شریف(پریس ریلیز): عالمی شہرت یافتہ خانقاہ "خانقاہ عالیہ قادریہ برکاتیہ آل احمدیہ” مارہرہ شریف میں ١٣/١٢/١١جنوری ٢٠٢٥ء کو ١٢٢واں عرس  نوری قادری برکاتی منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں مریدین و متوسلین سلسلہ  نے شرکت کی خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف نے ہر دور میں امت کو فلاح و بہبودی اور خدمت خلق کے حوالے سے اہم ترین پیغام  دیے ہیں اور آج بھی اپنے علمی، روحانی اور سماجی کردار کی بدولت دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے۔ خانقاہ کے شہزادگان احقاق حق اور ابطال باطل کے ساتھ ساتھ تعلیم و تربیت کے فروغ میں بھی بھرپور خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کا مشہور نعرہ "آدھی روٹی کھائیے، بچوں کو پڑھائیے” آج کے پرفتن دور میں علم کے چراغ روشن کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
عرس نوری قادری برکاتی کے مبارک موقع پر جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف نے 83 علما، حفاظ اور قراء کو دستار علم و فضل اور تاج حفظ و قراءت سے نوازا۔ جب کہ جامعہ البرکات علی گڑھ کے ذیلی ادارے البرکات اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے 11 تربیت یافتہ فضلاء کو بھی اعزازات سے نوازا گیا،اور مدرسہ غریب نواز و مدرسہ اصلاح معاشرہ علی گڑھ کے 14 طلبا کو بھی دستار حفظ عطا کی گئی۔
یہ روح پرور تقریب اس وقت مزید یادگار بن گئی جب شہزادہ حضور رفیق ملت، سید شاہ محمد حسن حیدر زید مجدہ، جو جامعہ احسن البرکات کے بہترین اساتذہ سے 9 سال تک علمی تربیت حاصل کرتے رہے، کو دستار علم و فضل سے نوازا گیا۔ ان کے والد محترم، حضور رفیق ملت سید شاہ نجیب حیدر قادری برکاتی دامت برکاتہم القدسیہ نے اس عظیم موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ کے اساتذہ کو انعامات اور خطیر رقم سے نوازا۔
خلیفہ حضور تاج المشائخ، مولانا شیخ محمد عرفان ازہری دامت برکاتہم، صدر المدرسین جامعہ احسن البرکات، نے بتایا کہ اس سال عرس نوری کے پرنور موقع پر 108 طلبہ کو دستار سے نوازا گیا، جس میں علما، حفاظ، اور قراء شامل ہیں۔ ان طلبہ میں علم دین کے ساتھ عمل کا جذبہ بھی پروان چڑھایا گیا ہے تاکہ وہ امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ بن سکیں۔
عرس نوری کے اس بابرکت موقع پر خانوادہ برکات، جامعہ کے اساتذہ، طلبہ اور تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کی گئی متذکرہ بالا معلومات مولانا محمد نعمان واحدی احسنی استاد جامعہ احسن البرکات نے فراہم کی ہیں  ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ خانقاہ مارہرہ شریف کا فیض ہمیشہ جاری و ساری رہے اور فرزندان جامعة البرکات و جامعہ احسن البرکات کو دنیا و آخرت میں کامیابی و سربلندی عطا فرمائے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے