بیدر۔ 15؍جنوری (پریس نوٹ): آپ تک جو کیلنڈرتحفتہً پہنچائے جارہے ہیں ،یہ دراصل سوشیوریفارم سوسائٹی حیدرآباد کی شادیوں سے متعلق تحریک کے حوالے سے ہیں۔ یہ سوسائٹی اسلام کے عین مطابق شادی بیاہ کرنے پر زور دیتی ہے۔ شہنہ آرکٹیکٹس گلبرگہ بھی ان کی اس تحریک کے تائیدی ہیں۔آپ طالبات کوبھی سوچنا چاہیے کہ اسلام نے شادی بیاہ کو جس طرح انجام دینے کو کہاہے ، ویسا ہی انجام دینے کے لئے اپنے والدین سے کہیں۔ یہ باتیں معروف شاعر، ادیب اورسماجی کارکن جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے کہیں۔ وہ آج عربی مدرسہ ’’بدرالعلوم للبنات ‘‘ موقوعہ بدرالدین کالونی بیدر کی طالبات میں کیلنڈر کی مفت تقسیم کے بعدان سے خطاب کررہے تھے۔
محمد یوسف رحیم بیدری نے کیلنڈر پر ’’رومن انگریزی‘‘ تحریر کے بارے میں بتایاکہ ’’رومن انگریزی کاچلن اب مسلمانوں میں عام ہوتاجارہاہے ، سوشیل میڈیا کے ہرپلیٹ فارم(فیس بک، واٹس ایپ، اسنیپ چیٹ ، ایکس وغیرہ پر) رومن انگریزی کاچلن عام ہے، لاکھوں روپئے خرچ کرکے انگریزی اسکولوں میں پڑھنے والے مسلم لڑکے لڑکیاں بھی انگریزی کے بجائے رومن انگریزی میں لکھ رہے ہیں۔لیکن آج ایک بامقصد اردو کیلنڈر پر رومن انگریزی تحریر کو دیکھ کر مجھے حیرت اور افسوس دونوں ہورہے ہیں۔ اور یہ کیلنڈر حیدرآباد جیسے اُردو کے شہر کی دین ہے۔جہاں کل عثمانیہ یونیورسٹی میں اردو پڑھائی جاتی تھی اور آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی خود اردو کے نام معنون ہے۔ اگر رومن انگریزی اسی طرح ذہن ودل اور سوشیل کام کاج پر راج کرتی رہی اور معاشرے میں نافذ ہوتی رہی تو پھر اردو زبان ہی ختم ہوکر نہ رہ جائے اسلئے اس عمل سے اداروں ، تنظیموں ، این جی اوز کوبچناچاہیے۔ مدرسہ کی طالبات نے اس موقع پر کہاکہ وہ رومن انگریزی لکھنے سے اپنادامن بچائیں گی اور دوسروں کوبھی رومن انگریزی میں نہ لکھنے کو کہیں گی۔
جناب یوسف رحیم بیدری نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہاکہ کچھ لوگ’’ اردو کے ستاروں‘‘ کی تلاش میں ہرسال بیدر پہنچتے ہیں لیکن عربی مدارس کی طرف قطعی توجہ نہیں دیتے۔ سچائی یہ بھی ہے کہ بید رکے عربی مدارس اور وہاں پڑھنے والے بچے اُردوزبان سے محبت کرتے ہیں اور وہاں کے طلبہ وطالبات اردو کے حوالے سے ہی جانے جاتے ہیں۔ اسی لئے ضلع بیدرمیں سینکڑوں عربی مدرسے کامیابی سے چل رہے ہیں ۔ اس موقع پرمدرسہ بدرالعلوم للبنات کی طالبات نے اپنی پسند کے اردو اشعارزبانی پیش کئے جن پر انھیں کافی دادملی۔ایک طالبہ نے توخود اپنا شعربھی سنایا۔ تقریب کی ابتدا ء طالبہ حافظہ شائستہ بنت سید ابراھیم چٹگوپہ کی نعت شریف سے ہوئی اور مولانا محمد مونس کرمانی حسامی ذمہ داربدرالعلوم للبنات بیدر کی دعاپر تقریب اختتام کوپہنچی۔
