ابو الکلام آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے دو اہم شخصیات کو توصیفی تمغہ اور اعزاز سے نوازا گیا
شہرت گڑھ(سدھارتھ نگر): 26جنوری 2025 بروز اتوار ابوالکلام آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی محمودوا گرانٹ، انتری بازار میں یوم جمہوریہ کے حسین موقع پر حرا پبلک اسکول محمودوا گرانٹ کے گراؤنڈ میں ایک خوبصورت پروگرام رچایا گیا، جس میں سرزمین انتری بازار کی دو اہم شخصیات کو توصیفی تمغہ اور اعزاز سے نوازا گیا۔ اس اہم پروگرام کی صدارت جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر نیپال کے موقر استاد، ابو الکلام آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی محمودوا گرانٹ انتری بازار کے ناظم اعلیٰ اور ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے نائب ناظم مولانا سعود اختر عبدالمنان سلفی صاحب نے فرمائی اور نظامت کا فریضہ مولانا حامد عبدالمنان سلفی نے نبھائی۔
دس بجے حرا پبلک اسکول کے اساتذہ و ذمہ داران اور گاؤں کی سرکردہ شخصیات کے ذریعہ پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اس کے بعد عزیزم محمد وارث کی تلاوت قرآن کے ذریعے ثقافتی پروگرام کا آغاز ہوا، بعدہ نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم پیش کیا گیا پھر کئی طلبہ نے استقبالیہ نظم، جمہوری نغمے اردو، ہندی اور انگریزی زبان میں تقریریں پیش کیں۔ اس کے بعد جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے زیر اہتمام سالانہ تعلیمی مظاہرہ میں کامیاب ہونے والے حرا پبلک اسکول کے پانچ طلبہ کو توصیفی تمغہ سے سرفراز کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی، اس کے بعد صدر مجلس مولانا سعود اختر عبد المنان سلفی نے اپنا جامع صدارتی خطاب پیش کیا اور مسلمانان ہند بالعموم اور بالخصوص اپنی بستی کے تابناک ماضی کو یاد کیا اور لوگوں سے اپنی تاریخ کے یاد رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ لوگو! اپنی تاریخ کو یاد رکھو، نہیں تو تم تاریخ کے صفحات سے غائب ہوجاؤ گے کیونکہ جو قوم اپنی تاریخ اور اسلاف کے کارناموں کو بھلادیتی ہے وہ بھی بہت جلد بھلا دی جاتی ہے۔
اس کے بعد آپ نے یوم جمہوریہ کے متعلق شاندار خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا کہ آئندہ ہمارے اسکول سے جو بھی طالب علم ضلعی سطح پر پوزیشن لائے گا اسے ایک سائیکل بطور انعام دیا جائے گا۔ ان کے خطاب کے بعد مولانا جمشید عالم عبدالسلام سلفی نے مختصر اور جامع خطاب کیا۔ اس کے بعد کئی نسلوں کی تربیت کرنے والی، علمی وادبی بستی انتری بازار کی بزرگ شخصیت ماسٹر محمد ابراہیم صاحب کو ان کی طویل ترین تدریسی اور تربیتی خدمات کے اعتراف میں توصیفی تمغہ و سند سے سرفراز کیا گیا۔ موصوف اس وقت بڑھاپے کی وجہ سے کافی کمزور اور بیمار چل رہے ہیں، قارئین سے ماسٹر صاحب کی دعائے صحت کے لیے پر خلوص درخواست ہے۔ اللہ موصوف کی تمام تر خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے اور صحت و تندرستی کے ساتھ آپ کا سایہ دراز فرمائے۔ ان کے بعد جماعت کے معروف نوجوان عالم دین اور تقریباً ایک درجن کتابوں کے مؤلف و مصنف مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی ناظم جمعیت اہلِ حدیث حلقہ شہرت گڑھ، سدھارتھ نگر و استاد المعہد الاسلامی انوار العلوم گنجہڑا، سدھارتھ نگر کو ان کی طویل ترین تدریسی و دعوتی، تنظیمی و جماعتی اور تصنیفی خدمات کے اعتراف میں توصیفی تمغہ و سند سے سرفراز کیا گیا اور شال اوڑھا کر ان کی تکریم کی گئی۔ دعا ہے کہ اللہ رب العزت شیخ محترم کی شخصیت کو امت کے لیے مفید و نفع بخش بنائے، ان کے علم و عمل اور عمر عزیز میں خیر و برکت عطا فرمائے اور ان کی جملہ خدمات و مساعی جمیلہ کو شرف قبولیت سے نوازے۔ آمین!
مولانا حامدعبدالمنان سلفی نے تمام شرکائے مجلس،اساتذہ اور ان کے سرپرستوں کا شکریہ ادا کیا اور انھی کی دعائے کفارۃ المجلس پڑھنے کے بعد مجلس کے اختتام کا اعلان ہوا۔
اس موقع پر حرا پبلک اسکول کے اساتذہ ماسٹر حمود عبدالمنان (پرنسپل)، ماسٹر فرحان احمد (وائس پرنسپل)، حافظ عمران احمد اور گاؤں کی اہم شخصیات میں پردھان محمد یحییٰ، مولانا عبیدالرحمان پردھان ابرار احمد، سید اسرار حسین، ڈاکٹر اشفاق، جمشید احمد، شبیر احمد، پرویز احمد اکبر علی، مولانا عبدالعزیز، حافظ عتیق الرحمن، حافظ اکمل،امجد حسین شفیق الرحمن (شیر علی) محمد پرویز محمد محمد اکبر، سید عبدالمتین جھنے، آنند کسودھن، رام اوتار کسودھن، بالیشور، ویریندر یادو (ملائم یادو) شریک رہے۔
