الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) سمیت دیگر نے پروفیسر محمد طاہر کو پیش کی مبارکباد۔
اعظم گڑھ،11 فروری (نامہ نگار): شبلی نیشنل کالج کے شعبہ اردو کے صدر پروفیسر محمد طاہر کو ان کی تحقیقی کتاب "صحابیات اور نسائی تحریکات” کے لیے مغربی بنگال اردو اکیڈمی کی طرف سے باوقار "خلیل عباس صدیقی ایوارڈ” سے نوازا گیا۔اس موقع پر خون عطیہ کی معروف تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن (بلڈ ڈونیٹ گروپ) نے پروفیسر محمد طاہر کو مبارکباد پیش کی ہے۔ تنظیم کے میڈیا انچارج معراج خان نے پروفیسر طاہر کی اس کامیابی کیلئے تنظیم کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
یہ ایوارڈ انہیں سائنس، ٹیکنالوجی اور سماجی مسائل میں ان کے انوکھے اور غیر معمولی کردار کے لیے دیا گیا۔ اس اعزاز کے ساتھ پروفیسر محمد طاہر کو ₹15,000 کی ترغیبی رقم، یادگاری شیلڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر افسر علی، پروفیسر محمد خالد،پروفیسر فہمیدہ زیدی، ڈاکٹر شفیع الزماں، پروفیسر افضال احمد، پروفیسر سرفراز نواز، سعد الظفر علی، آزاد اصلاحی، بابر اشفاق خان، ڈاکٹر جرار احمد، ڈاکٹر زبیر نعمانی، ڈاکٹر محمد زاہد، ڈاکٹر محمد عقیل، ڈاکٹر ابو رافع سمیت دیگر اساتذہ نے پروفیسر محمد طاہر کو مبارک باد دی۔
پروفیسر محمد طاہر فی الحال ٹیچر ایسوسی ایشن کے نائب صدر بھی ہیں۔ انہوں نے اب تک 35 کتابیں، درسی کتابیں اور حوالہ جاتی کتابیں تحریر کی ہیں جو ہندوستان اور دنیا بھر میں اردو کے طلبہ و اساتذہ کے لیے نہایت مفید ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں 2015 اور 2017 میں یو پی اردو اکیڈمی، لکھنؤ کی طرف سے بھی اعزاز مل چکا ہے۔
