مہنداول، سنت کبیرنگر: مدرسہ شاکرہ للبنات دھوبہا میں پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے بچیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں نے اسلام کے ارکان ایمان نماز، روزہ زکوٰۃ اور حج ہی کو پورا دین سمجھ لیا ہے، جب کہ یہ دین اسلام کی بنیاد ہے پورا دین نہیں ہے،جیسے ایک مسجد کی بنیاد ہوتی ہے،صرف بنیاد ہی مقصد نہیں ہوتا ہے،اسی طرح سے اسلام کی بنیاد کے ساتھ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات و سنتوں پر چلنے سے ہی کامل دین پر عمل ہوگا اور قرآن ہمیں پورے دین میں داخل ہونے کا حکم دے رہا ہے، اگر ہم قرآن کے بعض احکام پر عمل پیرا نہیں ہونگے تو ہمیں قرآن دنیا میں بھی رسوائی کی وعید سناتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دین اسلام ایک سماجی مذہب ہے، اسی لئے کہتا ہے فتنہ معصوم کے قتل سے بھی شدید ترین جرم ہے اور فتنہ پرور عناصر کی سخت نکیر کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آدم علیہ السلام سے لے کر خاتم الانبیاء محمد صلی اللہ علیہ وسلم تک اور کسی بھی صحابی نے باطل پرست اور ظالم کی حمایت نہیں کی۔ اگر امام حسین نے یزید کو ظالم سمجھا تو اس کے خلاف لڑ کر اپنی اور تمام حامیوں کی جانوں کو قربان کردیا، لیکن ظالم کا ساتھ نہیں دیا اور آج ظالم اور ظلم کا خاتمہ ووٹ اور سیاست میں حصہ داری سے ہوسکتا ہے،اس لئے مدرسوں میں بھی سیاست کی ضروری تعلیم ضرور دینی چاہئے۔

اس موقع پر قاری فضیل رحمانی، جمال اختر، سعید اختر، اشرف علی، کلثوم جلال طیباتی، زاہدہ صدیقی، آفرین عرشی، رقیہ جلال، سعدیہ میں انتساب عظیمی وغیرہ خاص طور پر موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے