قرآن مجید کا پڑھنا، دیکھنا، سننا، لکھنا اور سمجھنا سب عبادت ہے: حافظ ایاز احمد مدینی
بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): کندھی پور کے مدرسہ جامعۃ الصالحات میں تراویح کے پہلے دَور کی تکمیل ہو گئی۔ جامعہ میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی چھ دنوں کی تراویح کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں جامعہ کے دو طالب علم، حافظ محمد ارشاد اور حافظ محمد امن رسولوی نے مشترکہ طور پر چھ ایام میں نمازِ تراویح میں قرآن کریم مکمل سنایا۔
اس موقع پر جامعہ کے منتظم حافظ ایاز احمد مدینی نے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں حفاظ اور تمام مصلیان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کا پڑھنا، اسے دیکھنا، سننا، لکھنا اور سمجھنا سب عبادت ہے، اور رمضان المبارک کے مہینے میں نیکیوں کا اجر بڑھا دیا جاتا ہے، لہٰذا اس مہینے میں قرآن پڑھنے اور سننے والوں کے اجر میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔
جامعہ کے استاد مولانا محمد طارق نے اپنے خطاب میں کہا کہ نمازِ تراویح میں جامعہ کے دونوں طلبہ کے قرآن پڑھنے کے انداز نے دل خوش کر دیا۔ ماشاءاللہ، دونوں نے نہایت خوبصورت لہجے میں اور کم غلطیوں کے ساتھ شاندار قرآن سنایا۔ انہوں نے نمازِ تراویح کی فضیلت بیان کرتے ہوئے ایک حدیث کا حوالہ دیا کہ حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: "جو شخص رمضان کی راتوں میں ایمان اور ثواب کی نیت سے عبادت کے لیے کھڑا ہو، اس کے پچھلے تمام گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔
نمازِ تراویح رمضان کے پورے مہینے عشاء کی نماز کے بعد جماعت کے ساتھ پڑھی جاتی ہے، اور مکمل قرآن سننا ایک الگ سنت ہے، لہٰذا تراویح کا سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ ہر مومن کو رمضان کے پورے مہینے تراویح کا اہتمام کرنا چاہیے۔
اس موقع پر جامعۃ الصالحات مصلیان سے بھرا ہوا تھا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس سال دُور دراز سے بھی افراد جامعہ میں چھ ایام کی تراویح سننے کے لیے آ رہے تھے۔ مجلس کا اختتام مولانا محمد طارق کی دعا پر ہوا۔
