بچوں کو موبائل فون سے دور رکھیں: ریشماں کور کی نصیحت
بیدر۔ 6؍مارچ (محمدیوسف رحیم بیدری): بیدر: گرو نانک گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کے نائب صدر ڈاکٹر ریشما کور نے جمعرات کو شہر کے نہرو اسٹیڈیم کے قریب واقع گرو نانک پبلک اسکول کے احاطے میں پری پرائمری اسکول کے بچوں کے لیے ‘گریجویشن ڈے’ کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے مشورہ دیاکہ بچوں کو موبائل فون سے دور رکھنا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موبائل فون بچوں کی پڑھائی اور رویے کو متاثر کر رہاہے۔ جب کہ بچوں کی نشوونما میں والدین کا بڑا کردارہوتاہے اور ہونا چاہیے۔ انہوں نے پتہ کی بات کہی کہ والدین کو ایسا سلوک کرنا چاہیے جو ان کے بچوں کے لیے ایک اچھی مثال قائم کرے۔
انہوں نے گریجویشن ڈے کی تقریب میں شرکت کرنے والے والدین اور بچوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کے جوش و خروش میں اضافہ کیا۔ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے اور جیتنے والے بچوں کو میڈلز اور اسناد ات سے نوازا گیا۔ کینرا بینک بیدر کی منیجر مسز روہنی میشرام نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور بچوں میں میڈل اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ انہوں نے اپنی بات میں کہا کہ گرو نانک اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء ملک اور بیرون ملک اپنا نام کر رہے ہیں، جیسا کہ میں نے دیکھا ہے۔ یہ ادارہ مسلسل 50 سال سے تعلیمی میدان میں خدمات انجام دے رہاہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں اس گولڈن جوبلی خدمات پر دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں‘‘۔
اس موقع پر ہیڈ مسٹریس مسز عارف ہادی، ڈین ہانمانہ، پرنسپل نلنی ڈی جی، شیخ امجد علی اور تدریسی عملہ موجود تھا۔اس بات کی اطلاع محترمہ نلنی ڈی جی، پرنسپل گرو نانک پبلک اسکول، بیدرنے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی ہے۔
