لکھنؤ: جماعت اسلامی ہند یوپی مشرق کی جانب سے اجتماعی افطار کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز شخصیات، علماء کرام، سماجی کارکنان، وکلاء اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجتماعی افطار و نماز کے بعد مولانا عتیق الرحمان اصلاحی سکریٹری جماعت اسلامی ہند یوپی مشرق نے خطاب کیا۔
مولانا عتیق الرحمان اصلاحی نے اپنے خطاب میں ’روزہ اور تزکیۂ نفس‘ کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ روزہ صرف بھوک اور پیاس کو برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ انسان کے کردار کو سنوارنے، اسے تقویٰ کی دولت سے مالا مال کرنے اور معاشرے میں ایک صالح انقلاب برپا کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں ایثار، ہمدردی اور صبر کا درس دیتا ہے، جو ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ اگر ہم رمضان کی برکات سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے کردار اور اخلاق میں مثبت تبدیلی لانی ہوگی اور سماج کے کمزور و محروم طبقات کی خبر گیری کرنی ہوگی۔ مولانا نے اس موقع پر جماعت کی دعوتی و فلاحی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر امجد سعید فلاحی ناظم شہر لکھنؤ نے اجتماعی افطار میں شریک افراد کا شکریہ ادا کیا۔

مذکورہ اطلاع جماعت اسلامی ہند، یوپی مشرق کے شعبۂ میڈیا کے جاری کردہ پریس ریلیز میں دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے