خصوصی عدالت نے ڈپٹی کمشنر بیدر کے خلاف وارنٹ جاری کردیا

بیدر۔ 22؍مارچ (محمدیوسف رحیم بیدری): بنگلورو میں کرناٹک لینڈ گرابنگ پرہیبیشن اسپیشل کورٹ نے بیدر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو اوراد ایم ایل اے پربھو چوہان کے خلاف سرکاری زمین پر قبضے کے معاملے میں رپورٹ پیش کرنے میں ناکامی پربیدر ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے، ایک لاکھ روپے کے ضمانتی بانڈ کے ساتھ وارنٹ پر عمل درآمد کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
کیس کی تفصیلات: ۔اوراد تعلقہ میں چاندوری گرام پنچایت کے سابق صدر دیپک پاٹل چاندوری نے کرناٹک لینڈ گرابنگ پرہیبیشن اسپیشل کورٹ میں ایک کیس دائر کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اوراد کے ایم ایل اے پربھو چوہان نے جعلی دستاویزات بنا کرکمٹھانہ کے کاپلاپور پنچایت ، کولار(بی)دیہات کے سروے نمبر 102 میں واقع 3 ایکڑ 19 گنٹے سرکاری زمین پر قبضہ کیا تھا۔مسٹر چوہان کے ساتھ، بیدر ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر بیدر، تحصیلداربیدر، لینڈ ریکارڈ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اور بیدر سب رجسٹرار پر بھی مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ انہوں نے ان پر تجاوزات کرنے والے کے ساتھ تعاون کرنے کا الزام لگایا۔ اورعدالت سے اپیل کی کہ زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جائے اور زمین حکومت کو واپس دلائی جائے۔عدالت نے اس کیس کی سماعت کی، 5 اکتوبر 2024 کو دیپک پاٹل چندوری کا بیان ریکارڈ کیا۔ بعدازاں عدالت نے ضلع مجسٹریٹ کو حکم دیا کہ وہ 12 دسمبر 2024 تک کیس کی مفصل رپورٹ پیش کریں۔ پھر رپورٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 21؍ فروری 2025 تک بڑھا دی گئی۔ بعد ازاں 13؍ مارچ تک کا وقت دیا گیا۔ تاہم ضلع انتظامیہ نے رپورٹ پیش نہیں کی۔ اس لیے ڈی سی بیدر کے خلاف سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بیدر کے توسط سے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا جاتاہے۔

جناب دیپک پاٹل چاندوری کے بموجب سیاسی اثرورسوخ کی وجہ سے مفصل رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔اس معاملے میں شکایت کنندہ دیپک پاٹل چاندوری نے الزام لگایا ہے کہ ضلع انتظامیہ بیدر نے سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے ایم ایل اے پربھو چوہان کے خلاف سرکاری زمین پر قبضہ کیس میں رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔ انھوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ میں نے یہ مقدمہ ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ سرکاری املاک کے تحفظ کے لیے دائر کیا ہے۔ سابق ڈپٹی کمشنرH.R. مہادیو نے ایک حکم جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ یہ زمین حکومت کی ہے۔ تاہم اس کے بعد ضلع انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ اس لیے، انھوں نے بتایاکہ انھیں لامحالہ کرناٹک لینڈ گریبنگ پرہیبیشن اسپیشل کورٹ سے رجوع کرنا پڑا۔

خصوصی عدالت کے اس حکم نے پیغام دیا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔عدالتی حکم کے بعد بھی رپورٹ پیش نہ کرنا ضلع انتظامیہ کے مکمل طور پر سیاست کے زیر اثر ہونے کی مثال ہے۔موصوف نے سرکاری ملازمین سے کہاکہ سرکاری ملازمین اب جاگ جائیں۔ کام قوانین کے مطابق ہونا چاہیے۔ بصورت دیگر قانونی جنگ جاری رکھنے کا انتباہ دیاجاتا ہے۔یہ بات ایک پریس نوٹ جاری کرکے دیپک پاٹل چاندوری نے بتائی ہے۔ اور وارنٹ کے کاغذات بھی منسلک کئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے