بیجاپور ۔24؍ اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری): انجمن ڈگری کالج بیجاپور میں بعنوان طلباء میں تخلیقی صلاحیتوں کی اہمیت پر مقابلے کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس اجلاس کی صدرات ڈاکٹر ایس جے جاگیردار پرنسپل انجمن ڈگری کالج نے کی اور اپنے صدراتی خطاب میں کہاکہ ’’ اس طرح کے مقابلوں کا مقصد طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے اورکہا کہ ”تقریر کرنے کے لئے سب سے اہم چیز آپ میں اعتماد کا ہونا ہے اور اس کے لئے آپ کو بہت پہلے سے محنت کرنے کی ضرورت ہو گی۔ اعتماد پیدا کرنے کے لئے سب سے اچھا عمل یہ ہے کہ گھر میں موجود شیشے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنی لکھی ہوئی تقریر کو بار بار اور مختلف انداز سے پڑھیں۔ اس کے علاوہ اپنی شخصیت کو بھی جانچئے۔ شیشے کے سامنے کھڑے ہو کر تقریر پڑھنے کے ساتھ ساتھ اپنی حرکات وسکنات پر بھی نظر رکھیں۔ اس پریکٹس کے بعد اپنے فیملی ممبرز اور دوستوں کے سامنے تقریر کریں، اس سے آپ کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ آپ اپنی تقریر کو ریکارڈ کر کے اپنے پاس رکھ لیں اور اسے بار بار سنیں۔ اس طر ح تقریر آپ کو زبانی یاد ہو جائے گی۔ ڈاکٹر سید علیم اللہ حسینی صدرشعبہ ء اردو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا’’ تقریر لکھتے اور کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ جو بات آپ بذریعہ تقریر ایک کثیر تعداد کے سامنے بول رہے ہیں، وہ حقائق پر مبنی ہو، خیالی اور تصوراتی جملے اور الفاظ نہ ہوں۔ اپنے نقطہء نظر کو مثالوں اور واقعات کی شہادتوں کے ساتھ وضاحت کریں اور اس کے لئے ایسے الفاظ یا جملوں کا انتخاب کریں، جس سے ہال میں بیٹھے لوگ متاثر ہوں۔ بار بار ایک جیسے جملوں کی تکرا ر سے گریز کریں۔اس تقریر میں پہلا انعام شائستہ بیجاپور ،دوسراانعام ریاض منگولی نے حاصل کیا ۔ اجلاس میں ڈاکٹر رقیہ ہاشمی ،ڈاکٹر صدام حسین مجاور ،پروفیسر سلیمان ہتھیاڑ کر، پروفیسر اسجد صدیقی اورڈاکٹر سید کلیم اللہ باشبند وغیرہ موجود رہے۔ اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔

