بیدر۔ 24؍اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری): کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے ضلع کونسل کی ہنگامی میٹنگ بلائی اور جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔پاکستان دہشت گردوں کی حمایت کر کے بھارت میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ 22/04/2025 کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردوں نے سیاحوں پر فائرنگ کی جس میں تقریباً 27 بے گناہ سیاح مارے گئے۔ لشکر طیبہ دہشت گرد تنظیم کے وفادار گروپ ”مزاحمتی محاذ” نے دہشت گردانہ کارروائی کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اس کارروائی میں براہ راست ملوث ہے۔ سی پی آئی نے ہندوستانی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اس بات پر نظر رکھے کہ اس واقعہ کو فرقہ وارانہ فسادات کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اس دہشت گردانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتی ہے اور آج کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے ڈپٹی کمشنر کے توسط سے صدر جمہوریہ کو ایک عرضداشت پیش کی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے اور تمام اراکین پارلیمنٹ کی رائے کے مطابق پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر بابو راؤ ہوننا، پانڈورنگ پیاجے، پربھو ہوچکنلی، نذیر احمد چونڈی، محمدقدیر صاب، ٹی مرزا پور پربھو تگنیکر، قمر پٹیل ریکڑگی، سنیل ورما، جے شیل، بھیمنا بنڈے، رامنا الماسپور وغیرہ موجود تھے۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔

