ڈومریاگنج(سدھارتھ نگر): الحمدللہ جامعہ اسلامیہ خیر العلوم، ڈومریا گنج کے معھد الایتام (یتیم خانہ) میں گزشتہ برسوں کی طرح پچھلے تعلیمی سال (2024-25) میں اپنی کلاسوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات نیز ممتاز نمبرپانے والے دیگر تمام طلبہ وطالبات کے درمیان مورخہ 22/05/2025 میں ایک پروگرام منعقد کرکے نقد انعامات تقسیم کئے گئے ۔
ہر کلاس میں پہلی، دوسری، تیسری، چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو نقد انعامات اور علامتی شیلڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ 80 % یا اس سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے ہر یتیم طالب کو ان کے درجات کے اعتبار سے الگ الگ قیمتی اور بھاری بھرکم انعام دیا گیا۔ اس طرح کل 73 طلبہ میں 153400 روپئے کی خطیر رقم انعام کے طور پر انہیں عطا کی گئی۔

اس موقع پر شعبہ ٔ معہد الایتام کے مدیرشیخ محمد داؤد سلفی حفظہ اللہ کے ساتھ ساتھ جامعہ خیر العلوم کے نائب شیخ الجامعہ عبد اللہ سلفی حفظہ اللہ، جامعہ عالیہ عربیہ مئو کے شیخ الجامعہ ڈاکٹر حفیظ الرحمن سنابلی اور جامعہ اسلامیہ خیر العلوم کے استاذ شیخ معین الدین سلفی حفظھم اللہ نے طلبہ وطالبات کو اپنے قیمتی خطاب سے مستفید فرمایا اور انہیں تعلیم وتربیت اور اخلاق حسنہ کے فوائد سے روشناس کرایا نیز انہیں حوصلہ مند کلمات سے نوازا۔
تقسیم انعامات پروگرام میں مولانا توفیق أحمد أثری، مولانا عبد الرشید سلفی ، مولانا نذیر أحمد اثری، ماسٹر عبد المعبودصاحب، مولانا محمد مقیم صاحب اور معہد الایتام کے تمام معلمین ومعلمات اور کچھ طلبہ کے والدین کی بھر پور شرکت نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
