رفیق سوداگر سنجیدہ طبع اور خوش فکر شاعر: ڈاکٹر انیس صدیقی
یادگیر۔یکم جون (محمدیوسف رحیم بیدری): مجموعی اعتبار سے کتا ب ’’سچائی کی دھوپ ‘‘محض دوہوں کا ایک مجموعہ نہیں بلکہ یہ دوہے کی روایتی بنیادوں پر استوار ڈاکٹررفیق سوداگر کے منفرد طرز بیان اور انکی فکری و روحانی بالیدگی کا ایک خوبصورت اور نا یاب مر قع ہے۔ یہ بات ڈاکٹر انیس صدیقی رکن کرناٹک اردو اکیڈیمی بنگلور نے کہی،وہ انجمن تر قی اردو ہند یادگیر کے زیر اہتمام سوداگر فنکشن ہال ملت نگر روبرو لمبنی پارک یادگیر میں ممتاز شاعر ڈاکٹر رفیق سوداگر صدر انجمن تر قی اردو ہند یادگیر کی چوتھی کتاب دوہوں کا مجموعہ ’’سچائی کی دھوپ ‘‘کی تقریب رسم اجراء کی صدارت کر نے کے بعد اظہار خیال کر تے ہو ئے کہی۔ انہوں نے آگے کہا کہ ڈاکٹررفیق سوداگر سنجیدہ طبع اور خوش فکر شاعر ہیں، اور بہ حیثیت صدر انجمن تر قی اردو ہند یادگیر جو خدمات انجام دے رہے ہیں وہ لا ئق صد ستا ئش ہیں۔ڈاکٹر سوداگر کی شخصیت ایک مثال ہے جو یہ ثابت کرتی ہے کہ پیشہ وارانہ ذمہ دارایوں کے ساتھ ساتھ مشقِ سخن کا سلسلہ دراز کیا جا سکتا ہے،اور اپنی مادری زبان اور اس کے فروغ کے تئیں فرائض کی انجام دہی ممکن ہے۔ انکی زندگی محبان اردو کے لئے ایک بہترین نمونہ ہے۔ ڈاکٹر رفیق سوداگر کی چوتھی کتاب دہوں کا مجموعہ ’’سچائی کی دھوپ ‘‘کی بدست رسم اجراء الحاج ڈاکٹر عبد الرزاق سوداگر عمل میں آئی۔ تقریب کا آ غاز مو لا نا محمد نظام الدین بر کا تی کی تلاوت کلام سے ہوا، محمد یو نس قادری نے نعت پیش کی۔ محمدبرہان الدین اظہر خوط نے بھی اظہار خیال کیا۔ سید ساجد حیات نے نظامت کے فرائض انجام دئے، غلام صمدانی مو سی صدر تنظیم المسلمین و بیت المال،جاں نثار کو ثر چیرمین صباء اسکول اینڈ کالج، محمد منصور احمد افغان رکن سٹی میو نسپل کو نسل، سید مصباح الرحمن شعلہ سکریٹری شعلہ فاؤنڈیشن، عود چاؤش نائب صدر ضلع وقف کمیٹی، خواجہ کلیم الدین فر یدی سینئر صحافی، نعیم ملک شاہ پور نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ دوسری نشست میں کل ہند مشاعرہ منعقد ہوا، جس کی صدارت ظہیر رانی بنوری رانی بنورنے کی۔، شفیق عابدی بنگلورو نے مشاعرے کی نظامت کی۔ اس مشاعرے میں شمیم عباس ممبئی، نور آفاقی محبوب نگر، حامد بھوساولی، الطاف ضیاء مالیگاؤں، سردار سلیم حیدرآباد، وحید پا شاہ قادری حیدرآباد، نور الدین نور گلبرگہ، سہانہ ناز ممبئی،ڈاکٹر رفیق سوداگر
یادگیر، مسرور نظامی بسواکلیان، اوصاف مجاہد تماپوری تماپور، عرفان رائچوری رائچور، خادم اظہر یادگیری یادگیر، تجمل افضل یادگیر،شفیق عابدی بنگلورو،اورمشاعرہ کے صدر ظہیر رانی بنوری رانی بنورنے اپنا اپنا کلام سناکر دادحاصل کی اور اہل یادگیر کے ذوق ادب کی آبیاری میں حصہ لیا۔ خواتین کے لئے علیحدہ سے انتظام کیا گیاتھا۔ اس بات کی اطلاع جناب سید ساجد حیات نے دی ہے۔
