بنگلور۔ 26؍جون(محمدیوسف رحیم بیدری): بنگلورو میں کانگریس پارٹی کے ناراض قائدین نے کے پی سی سی صدراور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار سے چہارشنبہ کو ملاقات کی۔کانگریس قائدین اور سابق وزیر راج شیکھرپاٹل ہمناآباد اور سابق رکن قانون سازکونسل مسٹر اروند کمارارلی کی قیادت میں قائدین نے شیوکمار سے ملاقات کی اور آدھے گھنٹے سے زیادہ بات چیت کی۔ معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے بیدر ضلع کانگریس میں پیدا ہونے والے مسائل کو تفصیل سے بتایا۔بیدر ضلع کے انچارج وزیر ایشور کھنڈرے ضلع میں یکطرفہ فیصلے کر رہے ہیں۔ وہ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈروں کو اعتماد میں نہیں لے رہے ہیں۔ وہ کانگریس کے بجائے بی جے پی ایم ایل ایز کی باتوں کو کریڈٹ دے رہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی ایم ایل ایز کے ساتھ اندرونی معاہدہ کیا ہواہے۔ ضلع کانگریس صدر نام تک محدود ہیں۔ پارٹی تنظیم کا کام نہیں ہو رہا ہے۔جس سے پارٹی میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ یہ باتیں ڈی کے شیوکمار کو بتائی گئیں۔ او رانہیں سمجھایاگیاکہ ایشور کھنڈرے ایسا کام کر رہے ہیں جیسے ان کا پارٹی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ دونوں وزراء(ایشورکھنڈرے اور رحیم خان) کے رویے سے کانگریس کے وفاداروں کو کافی دکھ پہنچا ہے۔ اس کا اثر پارٹی پر پڑے گا۔ اگر اسے جلد درست نہ کیا گیا تو پارٹی کو بڑا نقصان ہوگا۔ اسے درست کرنے کے لیے کے پی سی سی کی فوری مداخلت ہونی چاہیے۔ پارٹی کے وفاداروں کا احترام کیا جائے۔ یکطرفہ فیصلے پر روک لگانے کی استدعا کی گئی ۔ کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار نے اس کا مثبت جواب دیا اور ضلع میں کانگریس کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھیجنے اور اس کی رپورٹ کی بنیاد پر مناسب کارروائی کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پارٹی کے وفاداروں کو انصاف ملے گا۔ کے پی سی سی کوآپریٹیو ڈپارٹمنٹ کے صدر دھنراج تالمپلی، کے پی سی سی کوآرڈی نیٹر عظمت پٹیل، بیدر ضلع کانگریس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ مولگے،دیگر قائدین میں پنڈت راؤ چدری، اور عبدالمنان سیٹھ موجود تھے۔
