لیکھ پال اور تحصیلدار کی رپورٹ سے متاثرین کو ملے گا انصاف: ریاض خان
اعظم گڑھ، 30 جون (نامہ نگار): اعظم گڑھ کے تحصیل نظام آباد کے موضع سیدھا سلطان پور میں گزشتہ 17 جون کو علاؤالدین کے اشارے پر اس کے بھائی عبداللہ، بھتجہ ندیم اور سلمان وغیرہ نے مسلح بدمعاشوں کی مدد سے مقامی دیوانی عدالت میں زیر التواء مقدمہ اعجاز بنام علاؤالدین (2017) کے باوجود متنازعہ جگہ پر زبردستی قبضہ کرتے ہوئے دروازہ کھول لیا تھا۔ اس معاملے کی شکایت اعجاز کے مقدمہ کے پیروکار کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ اتر پردیش کو ایک شکایتی عرضداشت دی گئی تھی۔ اس پر فوراً ایکشن لیتے ہوئے نظام آباد تحصیلدار نے اعجاز کے حق میں واضح رپورٹ لگا کر متاثرین کیلئے انصاف کے حصول کی امید جگائی ہے۔ اس معاملے کو لیکر میڈیا کیلئے جاری بیان میں ریاض خان نے کہا کہ جون ماہ میں دیوانی عدالت بند تھی۔ اسی میں عبداللہ، ندیم اور سلمان وغیرہ نے اپنے کام کو انجام دیا۔حالانکہ دوران مقدمہ اس طرح کی حرکت عدلیہ کو چیلینج کرنے اور (contempt of court) ہے، ہائ کورٹ کی اس رلنگ کی بھی خلاف ورزی ہیکہ جون ماہ میں نہ کوئی قبضہ ہوگا اور نہ کوئی قبضہ ہٹایا جائے گا۔ہمیں امید ہیکہ کورٹ ان کے خلاف سخت ایکشن لے گی۔ اس موقع پر ریاض خان،فیاض خان وغیرہ نے لیکھ پال لال بہاری اور تحصیلدار چمن سنگھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج وطن عزیز کو لال بہاری اور چمن سنگھ جیسے ایماندار اور انصاف پسند افسران کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایمانداری اور سچائی سے رپورٹ لگاکر نہ صرف مظلوم فیملی کی دعا لی بلکہ مجرمین کو سچ اور انصاف کا آئینہ دکھایا ہے۔ مسٹر خان نے میڈیا کے ذریعہ لیکھ پال اور تحصیلدار کا شکریہ ادا کیا ہے۔
