گلبرگہ۔ یکم ستمبر(محمدیوسف رحیم بیدری): ڈاکٹر غضنفر اقبال کی اطلاع کے مطابق ماویٰ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ احمد آباد گجرات و ثمر فاونڈیشن مالے گاوں مہاراشٹر کے زیر اہتمام اکسس والو پرائیویٹ لمیٹڈ احمد آباد کے اشتراک سے تفویضِ اعزازات کی تقریب ہیومن ایج گلشن اطفال اردو اسکول گلبرگہ میں ڈاکٹر وہاب عندلیب کی سرپرستی اور پروفیسر حمید سہروردی کی صدارت میں منعقد کی گئی۔
اس تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر حافظ ولی احمد خان(صدر ماویٰ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ احمد آباد) نے کہا کہ وہ اردو کے فروغ کے لیے عرصہ دراز سے تعلیمی اداروں اور ادبی سرگرمیوں سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ان کے ادارے کی جانب سے اردو کے معروف قلم کاروں اور اساتذہ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا جاتا ہے۔ ڈاکٹر اشفاق عمر (صدر ثمر فاؤنڈیشن مالے گاوں مہاراشٹر) نے اپنی تقریر میں کہا کہ ڈاکٹر ولی احمد خان اور ان کے ادارے کی جانب سے ملک کے سات شہروں میں ادبی اور تدریسی خدمات پر اعزازات تفویض کیے گئے ہیں۔ گلبرگہ اس کڑی کا آٹھواں شہر ہے۔ انھوں نے کہا کہ امسال اعزازات کے لیے گلبرگہ کے پانچ نمایاں خدمات انجام دینے والے اردو قلم کاروں کا انتخاب کیا گیا ہے، وہیں گلبرگہ کے سترہ اردو اساتذہ کو منتخب کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین(رکن سنڈیکیٹ گلبرگہ یونی ورسٹی گلبرگہ) نے اپنی تقریر میں کہا کہ اعزازات سے قلم کاروں اور اساتذہ کو حوصلہ ملتا ہے اور وہ نئے عزم و استقلال کے ساتھ اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیتے ہیں۔پروفیسر حمید سہروردی(سابق صدر شعبہ اردو و فارسی گلبرگہ یونی ورسٹی گلبرگہ) نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ ڈاکٹر ولی احمد خان اور ڈاکٹر اشفاق عمر نیک نیتی سے اردو زبان و ادب کی خدمات کے لیے اپنے آپ کو واقف کئے ہوئیہیں۔ انھوں نے گلبرگہ کے قابل قدر قلم کاروں اور لائق تعظیم اردو اساتذہ کے انتخاب اور ان اعزازات سے نوازے جانے کو قابل ستائش عمل قرار دیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر اشفاق عمر کی گلبرگہ کے پانچ قلم کاروں اور سترہ مثالی اساتذہ کے سوانحی کوائف پر مشتمل مرتبہ کتاب ’’آئینہ حیات‘‘ کا اجرا ڈاکٹر وہاب عندلیب کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ مشہور اردو صحافی ڈاکٹر مختار احمد فردین حیدرآباد کی کتاب’’ پرورش لوح قلمکا ر‘‘کااجرا پروفیسر حمید سہروردی نے انجام دیا۔ روزنامہ تاثیرپٹنہ کا اجراء ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ شہ نشین پر ڈاکٹر مہر افروز کاٹھیاواڑی دھارواڑ،  ڈاکٹر محمد عبدالرافع ناندیڑ،  سید غازی الدین حیدر آباد، عارف انصاری پٹنہ، ڈاکٹر شمیم سلطانہ، محمد معین الدین چوہے، محمد اطہر بابا اور محمد یوسف رشادی تشریف فرما تھے۔
تقریب تفویض اعزازات کا آغاز ڈاکٹر مولانا محمد مسیح اللہ رشادی کی قرآت کلام پاک سے ہوا۔ محمد وصی اللہ صدر مدرس نے نعت پیش کی۔ نظامت کے فرائض محمد جاوید اقبال صدیقی نے بہ حسن و خوبی انجام دیئے۔ڈاکٹر غضنفر اقبال نے خیرمقدمی کلمات ادا کیے اور اظہار تشکر کا فریضہ انجام دیا۔ اس باوقار تقریب تفویض اعزازات میں اسباق قومی ایوارڈ ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی گلبرگہ کے چار قلم کاروں منظور وقار، ڈاکٹر کوثر پروین، ڈاکٹر انیس صدیقی اور صادق کرمانی کو تفویض کیا گیا۔
گزشتہ سال کے ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی ایوارڈ سے ڈاکٹر مہر افروز کاٹھیاواڑی اور ڈاکٹر غضنفر اقبال کو سرفراز کیا گیا۔ اقرا تعلیمی ایوارڈ پرائمری زمرے میں رضیہ پروین، آمنہ سلطانہ، شہناز اختر، عرشیہ ترنم اور ہائی اسکول سطح پر واجد اختر صدیقی، سید مختار احمد جمعدار دکنی، محمد حسن محمود، اسما عالم، اعجاز علی فاروقی، ڈاکٹر محمد معین الدین اور عارفہ بیگم جونیئر کالج زمرے میں حافظ شکیل احمد، اقبال احمد، ڈاکٹر محمد مسیح اللہ رشادی، نوید انجم شاہد، ناصرعظیم اور ڈاکٹر سید عتیق اجمل وزیر کو تفویض کیے گئے۔ تمام اعزاز یافتگان نے ڈاکٹر ولی احمد خان اور ڈاکٹر اشفاق عمر کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے