منااکھیلی۔ 15؍ستمبر (تعلقہ نامہ نگار): ’’یوم ِاساتذہ‘‘ کے موقع پرہمناآبا دتعلقہ جنتانگرکے سرکاری لوور پرائمری اردو اسکول کو ’’تعلقہ سطح بیسٹ اسکول‘‘ ایوارڈ سے نوازاگیاتھا۔ یارانِ ادب کے سکریڑی اور معروف شاعر جناب محمدیوسف رحیم (میر) بیدری اور کلیان کرناٹک اردو جرنلسٹ اسوسی ایشن بیدر کے نائب صدر جناب عبدالقدیر لشکری پر مشتمل دونفری وفدنے بیدر اور منااکھیلی سے اسکول پہنچ کر وہاں کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات سے آج پیر کوملاقات کی۔ میرمعلمہ محترمہ رئیس النساء بیگم نے ان کی اچانک آمد پر مسرت کااظہارکرتے ہوئے طلبہ وطالبات سے ملاقات کروادی ۔ مہمانوں کوحیرت اس وقت ہوئی جب پنجم جماعت کے ایک طالب علم شیخ اکسر علی نے بتایاکہ اس کو 2000سے زیادہ تک گنتی لکھنی آتی ہے۔ ہمیں اس طالب علم کی اور دیگر طالبات عرشیہ بیگم (جماعت پنجم) ، اورسمیہ بانو بنت محمد معراج (پنجم) کی کاپیاں لاکر دکھائی گئیں۔ واقعی طالب علم 2038تک گنتی لکھ چکاہے۔ جبکہ عرشیہ بیگم اور سمیہ بانو کی انگریزی اور سائنس کے نوٹ بکس حیرت انگیز حدتک اپ ڈیٹ اور صاف ستھری ہیں۔ یہ سب ٹیچرس کی رہنمائی، طلبہ کی محنت اور والدین کی سختی سے ہی ممکن ہوسکتاہے۔ جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے ایک فی البدیہہ موضوع دے کر طلبہ کو فوری طورپراس موضوع پر چند جملے بولنے کاٹاسک دِیا۔ تین طلبہ وطالبات نے فی البدیہہ موضوع کو پوری طرح نبھایابلکہ ایک طالبہ فارہہ نے توبہت سوچ سوچ کر اس موضوع کو اس خوبصورتی سے پیش کیاکہ طالبہ کو دل سے دعا ئیں دی گئیں۔طالبات نے نعت شریف کانذرانہ سرکارِ دوعالم  ﷺ کے حضور پیش کیا۔ تمام طلبہ وطالبات کو مہمانوں نے کاپیوں کاتحفہ دیاجو وہ بیدر اور منااکھیلی سے اپنے ساتھ لائے تھے۔ ساتھ ہی چند طلبہ کو محمدیوسف رحیم بیدری کے افسانچوں کی کتاب’’چیں ‘‘ تحفہ میں دی گئی۔ دوطلبہ کو ان کی کارکردگی پر نقد رقم دی گئی۔ میرمعلمہ محترمہ رئیس النساء بیگم نے دونوں مہمانوں محمدیوسف رحیم بیدری اور عبدالقدیر لشکری کی شالپوشی کااہتمام کیا۔ان کے لئے شال اورمنی گلدستے جناب سید خورشید صاحب معززبزرگ جنتانگر کے توسط سے پیش کئے گئے۔ دونوںمہمانوں نے خطاب کیا۔ ممتاز شاعر میرؔبیدری نے اپنادکنی کلام پیش کرکے طلبہ کوخوب ہنسایا۔ آخر میں میرمعلمہ رئیس النساء بیگم نے مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر معاون معلمات رحمت بیگم اورسنیتا صاحبہ بھی موجودتھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے