مہراج گنج (نمائندہ): مہراج گنج کے نوجوان علماء کی نمائندگی کرنے والی تنظیم "انجمن تحفظ سنت مہراج گنج” کے زیر اہتمام بتاریخ 16/اگست بروز سہ شنبہ بوقت بعد نماز مغرب حکیم محمد احمد صاحب نور اللہ مرقدہ کی تعزیت کے لئے ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ نشست کا آغاز مولانا رئیس احمد قاسمی کی تلاوت سے ہوا اور مولانا اشفاق اللہ خان ندوی نے نعت نبی کا نذرانہ پیش کیا۔ مولانا ابن الحسن صاحب قاسمی نے گورکھپور و اطراف کی مشہور و معروف شخصیت حکیم محمد احمد صاحب نور اللہ مرقدہ کی شخصیت کے ہمہ جہت پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مولانا حکیم محمد احمد صاحب کا خانوادہ زمانہ قدیم سے علماء، اولیاء اور صلحاء کا مسکن رہا ہے۔ جب بھی کسی بڑے عالم دین صاحب نسبت بزرگ کا گزر گورکھپور کی طرف سے ہوا تو حکیم صاحب نے ان کو اپنے غریب خانے پر بلا کر ان کی خدمت اور خاطر تواضع کا کوئی موقع ضائع نہیں ہونے دیا۔ حکیم محمد احمد صاحب دل، صاحب نسبت اور قوم و ملت کے سچے خادم تھے۔ ان کی رحلت سے گورکھپور و اطراف کے دینی و سماجی حلقوں میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ اس خلا کو اپنے دست قدرت سے پر فرماے۔
مولانا سعید احمد قاسمی استاذ مدرسہ ہتھورا باندہ نے اپنے تعزیتی کلمات میں بتایا کہ مولانا حکیم محمد احمد صاحب بڑی خوبیوں کے حامل علماء نواز شخصیت کے مالک تھے۔ ملک کے تمام مرکزی مدارس سے ان کی مضبوط وابستگی تھی۔ مرکزی جمعیت علمائے ہند کے صدر بھی تھے اس کے ساتھ ہی گورکھپور و اطراف کے دینی علمی، سماجی حلقوں کی سرگرمیوں سے واقف رہتے تھے ۔انھوں نے اپنے صاحبزادگان کو بھی عالم دین بنایا ہے جو ماشاء اللہ سے اپنے دادا حکیم وصی احمد اور اپنے والد حکیم محمد احمد صاحب کے اوصاف و کمالات کے حامل اور نمائندہ ہیں ۔
انجمن تحفظ سنت کے نمائندوں نے مولانا حکیم محمد احمد صاحب قاسمی کے سانحہ ارتحال پر ان کے صاحبزادگان اور اہل خانہ کو تعزیت مسنونہ پیش کیا ہے۔
مولانا ابن الحسن صاحب قاسمی استاذ مدرسہ کلیمیہ کمپئر گنج کی دعا پر اس نشست کا اختتام ہوا۔
