مہراج گنج: جامعہ عربیہ صادقیہ جامع مسجد لوہیا نگر نگر پالیکا پریشد شہر مہراج گنج کے دار القرآن میں اساتذہ کی تعزیتی میٹنگ جامعہ کے پرنسپل مولانا شبیر احمد قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ تلاوت کلام پاک سے مجلس کا آغاز ہوا، مولانا شبیر احمد قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ حکیم محمد احمد قاسمی علیگ کی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ وہ ایک عرصہ سے جامعہ عربیہ صادقیہ جامع مسجد لوہیا نگر نگر پالیکا پریشد شہر مہراج گنج کے بنیادی رکن تھے۔ ہمیشہ مدارس کی ضروریات کے لئے فکر مند رہا کرتے تھے۔ مہمان نوازی تو ان کے گھٹی میں تھی۔ جامعہ کے طلباء نے قرآن خوانی کرکے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی۔

حاضرین میں مولانا سراج ،مولا نا عبد الباری ،حاجی کلیم اللہ ،مرزا ماسٹر حافظ رضوان موجود رہے جبکہ جامعہ کے خازن ڈاکٹر احسن نذیر صدیقی نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعاؤں سے نوازا۔
