نلگنڈہ 9/اکتوبر(مشرقی آواز جدید): جمعیة علماء ضلع نلگنڈہ کی قیادت میں ضلعی صدر مولانا سید احسان الدین رشادی قاسمی کی سرپرستی میں ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا محمد اکبر خان اسعدی اور ضلعی اراکینِ منتظمہ نے مقامی پولیس حکام سے ملاقات کے بعد معروف رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی درخواست دی۔ ملاقات میں جمعیة علماء نے مؤقف اختیار کیا کہ حالیہ دنوں میں مدھیہ پردیش کے اندور میں دَسِّہرہ کے موقع پر دی گئی تقریر میں راجہ سنگھ نے پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں ایسی باتیں کیں جو مسلمانوں کے جذبات شدید طور پر مجروح کرنے والی ہیں اور اس کو مذہبی بنیادوں پر اشتعال انگیز قرار دیا گیا جو کہ مذکورہ تقریر سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر گردش کر رہی ہے اس لیے نلگنڈہ کے مسلمانوں کی طرف سے بھی ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی گئی کہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ امن و امان برقرار رہے۔
جمعیة علماء کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی اور مرکزی آئین کے تحت کسی بھی مذہب کے خلاف ایسی اشتعال انگیز تقاریر ناقابلِ قبول ہیں اور قانون ان باتوں کا جواب دیتا ہے، اس لیے راجہ سنگھ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور عدالتی کارروائی کے ذریعے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے راجہ سنگھ ایک معروف اور متنازعہ سیاسی و سماجی شخصیت ہیں جن پر ماضی میں بھی متعدد بار اشتعال انگیز تقاریر اور مذہبی بنیادوں پر متنازعہ بیانات دینے کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں متعدد مقامات پر ان کے خلاف شکایات اور مقدمات درج ہو چکے ہیں اور انہیں عدالتوں سے ضمانتیں بھی ملتی رہیں جن میں عدالتی شرائط کے تحت آئندہ ایسے بیانات نہ دینے کی پابندی شامل رہی گزشتہ برسوں میں بھی ان کے خلاف متعدد بار ایف آئی آر اور گرفتاریوں کی خبریں منظرِ عام پر آئیں جس کا حوالہ قومی و علاقائی ذرائعِ ابلاغ میں ملتا ہے۔
جمعیتہ علماء نے واقعے پر سخت ردِعمل ظاہر کیا اور امن و امان کے لیے قانونی راستہ اپنانے پر زور دیا۔ جمعیة علماء ضلع نلگنڈہ نے واضح کیا کہ مسلمانوں کی مقدسات کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی اور وہ پرامن، قانونی ذرائع سے اپنا حق حاصل کریں گے تاکہ کسی بھی قسم کے فسادات اور انتشار سے پہلے مسئلے کو عدالت اور قانون کے دائرے میں حل کیا جا سکے۔
اس وفد میں مولانا حسین حافظ فرقان مفتی زبیر مفتی صہیب ابراھیم کونسلر حافظ شمس الدین جناب فیاض سید مجاھد محمد یوسف و دیگر احباب موجود تھے۔۔۔
